بدلتے ہوئے تعلیمی ماحول میں اساتذہ کی تدریسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے ٹارگیٹ لرننگ وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے کے ایم ای ایس اسکول میں خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پرائمری اور سیکنڈری شعبوں کے۸۰؍ اساتذہ نے شرکت کی۔
ایم ای ایس اسکول میں منعقدہ خصوصی تربیتی ورکشاپ میں شریک اساتذہ۔ تصویر: آئی این این
بدلتے ہوئے تعلیمی ماحول میں اساتذہ کی تدریسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے ٹارگیٹ لرننگ وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے کے ایم ای ایس اسکول میں خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پرائمری اور سیکنڈری شعبوں کے۸۰؍ اساتذہ نے شرکت کی۔ ٹارگیٹ لرننگ وینچرز کی لرننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ٹیم کے ایک سینئر رکن نے ورکشاپ کی رہنمائی کی۔ پروگرام کا آغاز ایک دلچسپ سرگرمی سے ہوا جس میں اساتذہ نے اپنے اسکول کے زمانے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان اساتذہ کا ذکر کیا جن کی شخصیت اور اندازِ تدریس نے ان کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کئے تھے۔ اس سرگرمی کے ذریعے ایک اچھے استاد کی خوبیوں اور طلبہ کی زندگی میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
ورکشاپ میں طلبہ کے رویوں کو سمجھنے، کلاس روم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے، استاد اور طالب علم کے درمیان مثبت تعلقات استوار کرنے اور تدریسی سرگرمیوں کو دلچسپ بنانے پر عملی رہنمائی دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: ٹھاکرلی: لوکل ٹرین میں نشے کے عادی افراد کا مسافروں کی تنظیم کے نمائندے پر چاقو سے حملہ
اس کے علاوہ وقت کی منصوبہ بندی، موثر ابلاغ، باہمی تعاون، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی جانچنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اساتذہ کو ذہنی دباؤ سے نمٹنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ادارے کے بانی ڈائریکٹر اور سی ای او دلیپ گنگارامانی نے کہا کہ استاد کا کردار محض نصابی تعلیم دینے تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کے رویوں کو سمجھنا اور ان کی انفرادی ضروریات کے مطابق رہنمائی کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ادارے کے نصب العین ’بچوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، اساتذہ کو دل میں جگہ دینا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو مسلسل سیکھنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ ٹارگیٹ لرننگ وینچرز، سابقہ ٹارگیٹ پبلیکیشنز، گزشتہ دو دہائیوں سے تعلیمی مواد کی تیاری و اشاعت میں سرگرم ہے۔ ادارے کی۹۰۰؍ سے زائد مطبوعات ہیں اور ملک کے۳؍ہزار ۵۰؍ سے زیادہ تعلیمی اداروں سے شراکت داری ہے۔