• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلفنسٹن روڈاسٹیشن بریج کو چھٹی لائن کی تعمیر کے سبب پھر مسمار کردیا جائے گا

Updated: November 28, 2026, 11:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پربھا دیوی فٹ اوور بریج کے قریب معائنہ جاری۔اس ریلوےاسٹیشن پر بھگدڑ کے واقعہ کے بعد فوج کے جوانوں نے اسے ۱۱۷؍ دن میں تعمیر کیا تھا۔

The Elphinstone Road bridge, built by the army, which is slated for demolition. Photo: INN
فوج کے ذریعے تعمیر کیا گیا ایلفنسٹن روڈ بریج جسے منہدم کرنے کا منصوبہ ہے۔ تصویر: آئی این این

۹؍سال قبل اایلفنسٹن روڈکو پریل اسٹیشن سے جوڑنے والے فٹ اوور بریج پر بھگدڑ مچنے سے دردناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں۲۳؍ مسافر ہلاک اور ۳۹؍   زخمی ہوگئے تھے -  مسافروں کو آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچانے کیلئے  فوج کے جوانوں نے محض۱۱۷؍دن میں وہاں فٹ اوور بریج  تعمیر کیا تھا ۔اب اس بریج کو جلد ہی  ریلوے کی چھٹی لائن بچھانے اور توسیع کرنے کے مقصد سے مسمار کردیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں ویسٹرن ریلوے نے ڈھانچے کو ہٹانے اور نئے پل کیلئے جگہ کی نشاندہی کر رہی ہے۔ اس کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لینے کیلئے پربھادیوی  اور پریل فٹ اوور  بریج کے آس پاس کے علاقے کا معائنہ کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم انہدام کی تاریخ اب تک طے نہیں ہوئی ۔واضح رہے کہ ایلفنسٹن اور پریل کو جوڑنے والے مذکورہ بریج پر۲۹؍ ستمبر ۲۰۱۷ء کو بھیڑ کے سبب مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں ۲۳؍ مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد آرمی کے جوانوں کی مدد سے اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا جسے اب پربھا دیوی بریج کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: شورما کھانے سے غذائی سمّیت کا معاملہ سنگین

اس بریج کو عنقریب منہدم کرنے کا سبب کھار اور ممبئی سینٹرل کے درمیان چھٹی لائن کی پٹریاں بچھانے کے پروجیکٹ سے منسلک ہے جو ممبئی اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔ اضافی لائن کا مقصد مضافاتی اور طویل مسافتی  ٹرین آپریشنز کو الگ کرنا ہے جس سے دونوں سروسیز کو زیادہ موثر طریقے سے چلایا جا سکے گا۔ توقع ہے کہ اس منصوبے سے ویسٹرن ریلوے کے مصروف ترین حصوں میں فراہم کی جانے والی سروسیز کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا ۔ 

ویسٹرن ریلوے کے ایک سینئر افسر کے بقول اس ضمن میں جاری معائنہ کے دوران ایک متبادل فٹ اووربریج کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ تلاش کی جارہی ہے کیونکہ موجودہ ڈھانچے کو ہٹانے سے پہلے مسافروں کی نقل و حرکت کیلئے مناسب متبادل انتظام کی منصوبہ بندی  ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK