بدلاپور میں اندوہناک واقعہ ۔۱۸؍ سالہ لڑکا اور اس کے دوستوں کے پیچھے آوارہ کتے لگ گئے تھے۔ حرکت قلب بند ہوگئی۔ لوگوں میں غم وغصہ ۔شہری انتظامیہ سے مسئلے کے حل کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 11:45 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Badlapur
بدلاپور میں اندوہناک واقعہ ۔۱۸؍ سالہ لڑکا اور اس کے دوستوں کے پیچھے آوارہ کتے لگ گئے تھے۔ حرکت قلب بند ہوگئی۔ لوگوں میں غم وغصہ ۔شہری انتظامیہ سے مسئلے کے حل کا مطالبہ۔
یہاں پیش آنے والے ایک دلخراش واقعہ نے آوارہ کتوں کے مسئلہ کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔یہاں آوارہ کتوں کے پیچھے آنے سے خوفزدہ ہوکر اپنی جان بچانے کیلئےبھاگنے والا بارہویں جماعت کا ایک ہونہار طالب علم حرکت قلب بند ہوجانے کےباعث چل بسا۔ ایک نوجوان طالب علم کی اس طرح اچانک موت نے نہ صرف اس کے اہل خانہ کو غمزدہ کر دیا ہے بلکہ پورے علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑگئی ہے۔
بدلاپور میں مقیم ۱۸ ؍سالہ ہرشل شندے بارہویں جماعت کا طالب علم تھا۔گزشتہ روز وہ اپنے ایک دوست سے ملاقات کرنے اور اسے گھر چھوڑنے کی غرض سے شنی نگر گیا ہوا تھا۔وہاں اچانک آوارہ کتوں کے ایک جھنڈ نے ہرشل اور اس کے ساتھیوں پر دھاوا بول دیا اور ان کے پیچھے لگ گئے۔ کتوں کے کاٹنے کے شدید خوف سے ہرشل اور اس کے دوست اپنی جانیں بچانے کیلئے بدحواسی کے عالم میں مختلف سمتوں میں بھاگ کھڑے ہوئے۔کتوں کے خوف سے مچنے والی اس بھگدڑ کے بعد جب صورتحال کچھ سنبھلی تو ہرشل کے دوستوں نے اسے اپنے درمیان نہ پایا۔
یہ بھی پڑھئے: ایلفنسٹن روڈاسٹیشن بریج کو چھٹی لائن کی تعمیر کے سبب پھر مسمار کردیا جائے گا
تشویش کے عالم میں ساتھیوں نے آس پاس کے علاقے میں ہرشل کی تلاش شروع کی۔کچھ دیر بعد ہرشل ایک مقامی دکان کے قریب زمین پر بے سدھ پڑا ہوا ملا۔ اس کے دوستوں نے فوری طور پر اسے ہوش میں لانے اور اٹھانے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔بھاگتے وقت شدید خوف اور دباؤ کے باعث دل کا دورہ پڑنے سےاس کی موت ہوگئی۔
نوجوان طالب علم کی اس ناگہانی موت نے بدلاپور شہر میں آوارہ کتوں کے سنگین مسئلہ کو ایک بار پھر منظر عام پر لا کھڑا کیا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی وجہ سے آئے روزحادثات پیش آ رہے ہیں مگر میونسپل انتظامیہ کی جانب سے اس سنگین مسئلہ کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جا رہے۔
اس افسوسناک واقعہ کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے اور شہریوں نے انتظامیہ کی لاپروائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس تعلق سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔