ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی سلامتی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 11:48 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Thakurli
ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی سلامتی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے۔
ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی سلامتی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے۔ ٹھاکرلی اسٹیشن کے قریب چلتی لوکل ٹرین کے لگیج ڈبے میں سگریٹ اور بیڑی پینے سے منع کرنے پر چند نوجوانوں نے کلیان-کسارا ریلوے مسافر تنظیم کےعہدیدار بھرت ٹوپلے پر چاقو سے حملہ کر دیا اور فرار ہوگئے۔اس معاملے میں ریلوے پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شہاڈ کے رہائشی بھرت ٹوپلے گزشتہ کئی برسوں سے کلیان-کسارا مسافر تنظیم کے نمائندے کے طور پر سرگرم ہیں۔جمعہ کی علی الصباح وہ کسارا سے سی ایس ایم ٹی جانے والی لوکل ٹرین کے آخری گارڈ کے ڈبے سے متصل لگیج کمپارٹمنٹ میں سفر کر رہے تھے۔ کھڑولی اسٹیشن سے سوار ہونے والے ۳؍ نوجوانوں میں سے کچھ چلتی ٹرین میں سگریٹ اور بیڑی پی رہے تھے۔جب بھرت ٹوپلے نے انہیں تمباکو نوشی سے منع کیا تو وہ طیش میں آ گئے اور ٹھاکرلی اسٹیشن کے قریب ان پر چاقو سے وار کرکے فرار ہو گئے۔ چاقو کا وار ان کی ناک کے بالکل قریب لگا جس سے گہرا زخم آیا ہے اور ان کی قمیص خون سے لت پت ہو گئی۔ خوش قسمتی سے ان کی آنکھ محفوظ رہی۔
یہ بھی پڑھئے: آوارہ کتوں سے بچنے کیلئے بھاگنے والے طالب علم کی موت
اس واقعہ کے بعد کلیان-کسارا ریلوے مسافر تنظیم کے صدر راجیش گھنگاؤ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صبح سویرے روزگار کیلئے نکلنے والے عام مسافروں اور خود مسافر تنظیم کے نمائندوں پر اس طرح قاتلانہ حملہ ہوگا تو ریلوے میں سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کی جان و مال کا محافظ کون ہے۔
تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اس سنگین مسئلہ پر جلد ہی سینٹرل ریلوے کے پولیس کمشنر اور آر پی ایف کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی جائے گی۔مسافر تنظیم نے ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا کہ خاص طور پر رات ۱۱ ؍سے ۱۲ ؍بجے کے درمیان چلنے والی کسارا لوکل ٹرینوں کے لگیج ڈبے سماج دشمن عناصر کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ ان ڈبوں میں کھلے عام تین پتی کا جوا کھیلا جاتا ہے،شراب نوشی ہوتی ہے اور نشے کے عادی افراد گانجا اور سگریٹ پیتے نظر آتے ہیں۔تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ آر پی ایف اور جی آر پی اہلکار محض خانہ پری کیلئے گشت کرنے کے بجائے سادہ لباس میں سفر کرکے ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔
اس بارے میںڈومبیولی ریلوے پولیس اسٹیشن کی سینئر انسپکٹر ارچنا دسانے نے بتایا کہ زخمی بھرت ٹوپلے کی شکایت پر د۲؍ حملہ آوروں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتااور ریلوے ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کی خصوصی ٹیمیں اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگال رہی ہیں اور فرار ملزمین کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔