Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: میونسپل اسکولوں کے لئے سخت رہنما اصول جاری، تعلیمی نظم و ضبط پر خصوصی زور

Updated: July 21, 2025, 11:47 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بھیونڈی  نظام پور میونسپل کارپوریشن کے تحت چلنے والے اسکولوں کے لئے تعلیم شعبے نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ایک تفصیلی سرکاری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں اسکول نظم و ضبط، تدریسی معیار، اسٹاف کی ذمہ داریاں، طلبہ کی فلاح و بہبود اور ریکارڈ شفافیت جیسے اہم نکات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Schools have been instructed to increase the use of digital classrooms. Photo: INN
اسکولوں کو ڈیجیٹل کلاس رومز کااستعمال بڑھا نے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی  نظام پور میونسپل کارپوریشن کے تحت چلنے والے اسکولوں کے لئے تعلیم شعبے نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ایک تفصیلی سرکاری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں اسکول نظم و ضبط، تدریسی معیار، اسٹاف کی ذمہ داریاں، طلبہ کی فلاح و بہبود اور ریکارڈ شفافیت جیسے اہم نکات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ اقدامات نیشنل ایجوکیشن پالیسی۲۰۲۰ء اور مہاراشٹر تعلیمی منصوبہ۲۰۲۴ء کے اہداف کے تحت کئے گئے ہیں۔میونسپل حدود میں اس وقت۹۲؍ پرائمری اور ۱۱؍سیکنڈری اسکول سرگرم ہیں جنہیں ان رہنما اصولوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔
 اسکول اوقات میں تبدیلی 
 سرکیولر کے مطابق اسکولوں کے اوقات میں باقاعدہ تقسیم کی گئی ہے۔ صبح کا سیشن۷؍ بج کر۲۰؍ منٹ تا دوپہر ۱۲؍ بجکر۲۰؍ منٹ،دوپہر کا سیشن ساڑھے۱۲؍ بجے سے شام ساڑھے۵؍ بجے تک۔ کچھ اسکولوں کے لئے متبادل وقت صبح۱۱؍ بجے سے شام ۵؍بجے تک رہیں گے۔ 
 اساتذہ و غیر تدریسی عملے کے لئے۳۰؍ منٹ قبل حاضری اور چھٹی کے بعد۳۰؍ منٹ قیام لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شناختی کارڈ پہننا،۷؍ دن قبل رخصت کی درخواست اور طبی رخصت پر میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ دیر سے آنے والوں پر سخت نگرانی اور کارروائی کی جائے گی۔
تدریسی ذمہ داریاں اور معیار 
 تمام اساتذہ کو اپنے مضامین کا ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ تدریسی منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔روزانہ سبق پلان کے مطابق تدریس کرنا لازم ہوگا۔سیکھنے کے نتائج اور تعلیمی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔اس کے ساتھ ہی کلاس روم اور اسکول کی مجموعی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے اساتذہ اور عملہ کی مشترکہ ذمہ داری طے کی گئی ہے۔
 طلبہ کی کارکردگی اور فلاح 
 تیسری تا۱۰؍ویں جماعت تک ہفتہ وار ٹیسٹ ضروری قرار دیئے گئے ہیں۔ کمزور طلبہ کے لئے خصوصی تدریسی مہم چلائی جائے گی۔ دسویں جماعت کے طلبہ کےلئے روزانہ اضافی کلاسیزہوں گی۔
 اول سے۸؍ویں جماعت تک ایک ہی کلاس ٹیچر مقرر کیا جائے گا۔
 ’نپون بھارت‘ مہم کی۱۰۰؍ فیصد عمل آوری لازم ہوگی۔
 طلبہ کے آدھار کارڈ اور یو- ڈائس ڈیٹا کی بروقت تکمیل کی جائے گی۔
 ریکارڈنگ اور شفافیت 
 ہر اسکول کو تدریسی، مالیاتی، طلبہ و سرکاری اسکیموں سے متعلق تمام رجسٹرز و فائلیں مکمل، درست اور ہم وقت تیار رکھنی ہوں گی، تاکہ معائنہ کرنے والے افسران کو یہ کسی بھی وقت دستیاب ہو سکیں۔
 دیگر ہدایات 
 تمام اسکول حکومت کی طرف سے جاری اسکالرشپ، گرانٹس اور پروگرامز میں بروقت شرکت کریں۔
ڈیجیٹل کلاس رومز کا مؤثر استعمال بڑھایا جائے۔
قومی شخصیات کی سالگرہ  اوربرسی باقاعدہ منائی جائے اور اس کی رپورٹ محکمہ کو بھیجی جائے۔
 سختی سے عملدرآمد کی تنبیہ 
 تعلیم شعبے کے ڈپٹی میونسپل کمشنر  بال کرشن شیرساگر نے واضح کیا ہے کہ ان رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ اگر کسی اسکول یا اسٹاف کی جانب سے جان بوجھ کر لاپروائی کی گئی تو اس کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔  اس سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ احکامات تمام میونسپل اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروں، اساتذہ اور متعلقہ عملہ کے لئے فوری طور پر نافذ العمل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK