Inquilab Logo

بھیونڈی : ٹی بی کے مریضوں کی شناخت کیلئے سروے،۲۱۶؍ٹیمیں تشکیل

Updated: November 30, 2020, 9:30 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہاںمیونسپل کارپوریشن یکم دسمبر سے ۱۶؍ دسمبر کے درمیان ٹی بی کے مریضوں کی شناخت کیلئے سروے کرنے کی مہم شروع کر رہی ہے۔

Health Checkup - Pic : INN
صحت کی جانچ ۔ تصویر : آئی این این

یہاں میونسپل کارپوریشن یکم دسمبر سے ۱۶؍ دسمبر کے درمیان ٹی بی کے مریضوں کی شناخت کیلئے سروے کرنے کی مہم شروع کر رہی ہے۔اس سروے میں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں واقع ۷۵؍ہزار۶۰۰؍گھروں کا دورہ کرکے تقریباً ۳؍لاکھ ۴۱؍ ہزارشہریوں سے رابطہ کریں گی ۔اس کام کیلئے ہیلتھ ورکروں کی ۲۱۶؍ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ہر ٹیم میں محکمہ صحت کے ۲؍ملازمین کو شامل کیاگیا ہے۔
 موصولہ اطلاع کے مطابق  اس مہم کے لئے میونسپل کارپوریشن کا محکمہ صحت کے افسران اور ملازمین سمیت ہیلتھ ورکرز پر مشتمل ۲۱۶؍ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ صحت کارکنوں کی یہ ٹیمیں ۱۵؍ دنوں میں شہر کی آبادی کا تقریباً ۳۰؍فیصد یعنی  ۷۵؍ ہزار ۶۰۰؍مکانات کا دورہ کرکے ۳۳؍لاکھ ۴۱؍ہزار سے زائد افرادسے رابطہ کریں گی۔ ان میں مشکوک مریضوں کی شناخت ایکس رے، تھوک اور بلغم وغیرہ کی جانچ کرکے کی جائے گی۔مریضوں کی شناخت کے بعد ان کا مفت علاج میونسپل کارپوریشن کرے گی۔
 میونسپل کارپوریشن  کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کے آر کھرات اور ڈاکٹر بشریٰ سید نے شہریوں سے سروے کرنے والی میڈیکل ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی ہے۔ ڈاکٹر کے آر کھرات نے بتایاکہ ٹی بی اور جذام کے مریضوں کی شناخت کے لئے مشترکہ مہم کے دوران ٹی بی اور جذام کے مرض کے تعلق سے شہریوں میں بیداری لانے کیلئے مہم بھی چلائی جائے گی۔
 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ٹی بی کی سربراہ ڈاکٹر بشریٰ سید نے بتایا کہ مسلسل ۲؍ ہفتوں سے کھانسی سینے میں درد، بلغم میں خون، مسلسل بخار، وزن کم ہونا وغیرہ ٹی بی کی علامات ہیں ۔ ایسی علامت    اگر کسی فرد میں یا گھر خاندان گاور پڑوسیوں کسی میں بھی پائی جائے تو فوراًہی پرائمری ہیلتھ سینٹر یا اندرا گاندھی میونسپل اسپتال سے رابطہ کریں۔یہاں ٹی بی کا علاج اور ہر طرح کا چیک اپ بالکل مفت کیا جاتا ہے۔
  بشریٰ سید نے بتایا کہ یکم دسمبر سے یہ سروے صرف مخصوص  اور منتخب ان علاقوں میں ہی کیا جائے گا جہاں ٹی بی کے مریضوں کے ہونے کااندیشہ ہونے کے باوجود ان علاقوں سے مریضوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔
علماء کے ساتھ میٹنگ
 میونسپل کارپوریشن کے اس خصوصی سروے مہم میں تعاون طلب کرنے کےلئے  میونسپل کارپوریشن کے ٹی بی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جمعہ کو میونسپل کمشنر کانفرنس ہال میں ڈپارٹمنٹ کی انچارج ڈاکٹر بشریٰ سید اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کے آر کھرات کی سرپرستی میں علماء کے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا تھا۔ جس میں متعدد مکتبہ فکر کے علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اس مہم میں تعاون دینے کی اپنی آمادگی ظاہر کی۔ڈاکٹر کھرات نے شہر سے ٹی بی کے مرض کو ختم کرنے میں علماء سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مسجدوں اورجس طرح بھی ممکن ہو علماء ٹی بی کے خلاف جنگ میں ہماری مدد کریں وہ شہریوں کو سروے میں تعاون کی درخواست کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK