شہریوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں اور بازاروں میں فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اورصاف صفائی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی ہے۔
شہری انتظامیہ کے ورکشاپ میں شرکت کرنے والے دکانداروں کو سرٹیفکیٹ دیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب
شہریوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں اور بازاروں میں فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اورصاف صفائی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی ہے۔شہری انتظامیہ نے اس سلسلے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کیلئے تربیتی ورکشاپ منعقد کیاجس میں انہیں صفائی، صحت اور معیار سے متعلق بنیادی اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ میں بتایا گیا کہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے افراد صحت کے نظام کا ایک اہم حصہ ہیں اس لئے ان کا کاروبار صحت کے ضوابط کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ کھانے پینے کا سامان تیار کرنے یا فروخت کرنے کیلئے استعمال ہونے والا پانی، برتن، آلات اور تمام اجزاء صاف ستھرے اور معیاری ہونے چاہئیں۔ اسی طرح کھانے کی جگہ کے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ جراثیم، کیڑے مکوڑے یا آلودگی شہریوں کی صحت پر اثر انداز نہ ہوں۔انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ سڑکوں پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے کاروبار کیلئے باضابطہ لائسنس حاصل کریں تاکہ کھانے کی اشیاء کی تیاری اور فروخت پر مناسب نگرانی ممکن ہو سکے۔
تربیت میں گیس سلنڈر، چولہے، سبزی کاٹنے والے اوزار اور دیگر آلات کے درست اور محفوظ استعمال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ورکشاپ کے دوران میونسپل افسران نے بتایا کہ کھانے کی اشیاء کا معیار براہ راست شہریوں کی صحت سے جڑا ہے۔ آٹا، تیل، سبزیاں، مسالے اور دیگر اجزاء اگر غیر معیاری ہوں گے تو اس سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ لہٰذا کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے ہرشخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو محفوظ، معیاری اور صاف رکھے۔میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اگر کھانے پینے کی اشیاء صاف ستھری ہوں تو نہ صرف عوامی صحت بہتر ہوگی بلکہ شہر کی خوبصورتی اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔’’صاف اور صحت مند کھانا، محفوظ شہر کی ضمانت ہے‘‘ کے پیغام کے تحت اس مہم کو آئندہ دنوں میں مزید توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔
یہ تربیتی ورکشاپ نیشنل اسوسی ایشن آف اسٹریٹ وینڈرز آف انڈیا(این اے ایس وی آئی) کے اشتراک سے میونسپل کارپوریشن کے ولاس راؤ دیشمکھ آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیاجس میں اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والے ۱۷۷؍ نے شرکت کی جنہیں تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔