Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : کھلی گاڑیوں میں کچرا ڈھونے کی انتظامیہ کی لاپروائی سے شہر بدبو اور گندگی کی زد میں

Updated: August 11, 2025, 12:36 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

میونسپل کارپوریشن کی سخت ہدایات کے باوجود کچرا اُٹھانے والے ٹھیکےدار کھلی گاڑیوں میں کچرا ڈھونے سے باز نہیں آ رہے ہیں ، شہریوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

Garbage is being taken to the dumping ground in an open vehicle without a cover. Photo: INN
کچرا ،کھلی گاڑی میں بغیر ڈھانپے ہوئے ڈمپنگ گراؤنڈ لے جایا جا رہا ہے۔ تصویر: آئی این این

شہر میں روزانہ پیدا ہونے والے کچرے کی منتقلی میں بدانتظامی اور ٹھیکےداروں کی من مانی نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ 
 بیماریوں کا خطرہ بڑ ھ گیا
 شہر کےمختلف علاقوں سے اُٹھایا گیا کچرا چاوِندرا-رام نگر ڈمپنگ گراؤنڈ تک کھلی گاڑیوں میں لے جایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں بدبو، گندگی، تعفن اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی سخت ہدایات کے باوجود کچرا اُٹھانے والے ٹھیکےدار کھلی گاڑیوں میں کچرا ڈھونے سے باز نہیں آ رہے ہیں جس پر شہریوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
 اعداد و شمار کے مطابق شہر میں روزانہ تقریباً ۴۰۰؍ میٹرک ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جو ٹرکوں کے ذریعے ڈمپنگ گراؤنڈ میں ڈالا جاتا ہے۔ کارپوریشن نے واضح حکم دیا ہے کہ کچرا مکمل طور پر پلاسٹک یا ترپال سے ڈھانپ کر لے جایا جائے، تاکہ دورانِ سفر بدبو نہ پھیلے اور کچرا یا گندا پانی سڑک پر نہ گرے مگر ٹھیکےدار ان احکامات کو نظرانداز کر کے شہریوں کی صحت اور ماحول سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔
 بارش میں تعفن کی شدت 
 برسات کے موسم میں کھلی گاڑیوں سے بہنے والا گندا پانی سڑکوں پر پھیل کر نہ صرف بدبو کو ناقابلِ برداشت بنا رہا ہے بلکہ مکھی، مچھر اور جراثیم کے پھیلاؤ کا باعث بھی بن رہا ہے۔ ٹریفک جام میں جب یہ کچرا بردار گاڑیاں پھنس جاتی ہیں تو وہاں سے گزرنے والوں اور ڈرائیوروں کے لئے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔
 انتظامیہ کی خاموشی پر سوالیہ نشان 
 شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی اور ٹھیکےداروں کے خلاف عدم کارروائی سے ان کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔ اس بارے میں جب محکمہ صفائی کے سربراہ  جے ایم سوناونے سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کچرا ڈھانپ کر لے جانے کے احکامات پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ ٹھیکیدار کے ذریعہ احکامات کی خلاف ورزی پر معاون میونسپل کمشنر فیصل تاتلی کو اطلاع دے کر متعلقہ ٹھیکےدار کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔شہری حلقوں کا مطالبہ ہے کہ اگر ٹھیکےدار احکامات پر فوری عمل نہ کریں تو ان کے معاہدے منسوخ کر کے سخت جرمانے عائد کئے جائیں، تاکہ شہر کو بدبو اور گندگی سے نجات دلائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK