Inquilab Logo

بھیونڈی: کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت، مکین بے حال

Updated: October 20, 2023, 9:51 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ٹینکروں سے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ محکمہ آب رسانی نے بتایا کہ مین والو کی مرمت کا کام جاری ہے۔

Water is being supplied to residents through water tankers. Photo: INN
مکینوں کو واٹرٹینکروں کے ذریعے پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ تصویر:آئی این این

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن  کی حدود میں درجنوں رہائشی علاقوں میں کم پریشر اور بے قاعدگی سے پانی سپلائی کی وجہ سے پینے کے پانی کی قلت شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے منڈئی، سوداگر محلہ، نظام پورہ،کوٹر گیٹ ، اجے نگر، چھترپتی شیواجی مہاراج چوک کا علاقہ، کامت گھر، اشوک نگر، سائی پرسن سوسائٹی، نارپولی، اجمیر نگر اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ محکمہ آب رسانی نے بتایا کہ مین والو کی مرمت کا کام جاری ہےجس سے پانی سپلائی متاثر ہے۔
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے علاقوں میں روزانہ ۱۲۰؍ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جاتا ہے جس میں ممبئی میونسپل کارپوریشن سے روزانہ ۴۲؍ملین لیٹر، اسٹیم واٹر اتھاریٹی سے روزانہ ۷۳؍ملین لیٹر اور ورلا تالاب سے روزانہ ۵؍ ملین لیٹر پانی  فراہم کیا جاتا ہے لیکن محکمہ آب رسانی کی ناقص منصوبہ بندی  ، پانی سپلائی میں بے قاعدگی،بڑی بڑی کمپنیوں کے ذریعہ پانی کی چوری اور خستہ حال پائپ لائن میںرساؤ کے باعث روزانہ ۱۲۰؍ملین لیٹر پانی سپلائی کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں سال بھر پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ رہتا ہے۔یہ عالم ہے کہ کامت نگر علاقے کے ہنومان نگراور اس سے متصل دیگر علاقوں کے شہریوں کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں آتاہے جبکہ  وہاں کی سڑکوں پرپانی بہتا رہتا ہے۔شہر کے اجے نگر، نظام پور، نارپولی علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث   وہاں روزانہ۱۵؍ سے زائد ٹینکروں کے ذریعے پانی سپلائی کیا جا رہا ہے۔ مقامی سماجی کارکن سندیپ بھوئر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نارپولی پولیس اسٹیشن  کے قریب سائی پرسن سوسائٹی ، نارپولی، اجمیر نگر علاقے میں گزشتہ کئی مہینوں سے بہت کم پریشر سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح کامت گھر کے ہنومان نگر کے رہنے والے اوم پرکاش مشرا نے بتایا کہ ان علاقوں کے نلوں میں علی الصباح ۳؍سے۵؍بجے کے درمیان پانی آتا ہے جس کے سبب خواتین کو گہری نیند سے بیدار ہوکر پانی بھرنا پڑتا ہے۔پچھلے کئی ہفتوں سے پانی کا پریشربھی کم ہے۔
محکمہ آب رسانی کے  ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور نے بتایا کہ ا سٹیم واٹر اتھاریٹی کی جانب سے شہر میں پانی سپلائی کرنے والی مین والو کی مرمت کی جارہی تھی جس کی وجہ سے  پانی سپلائی متاثر ہے۔ آئندہ ۲؍ روز میں پانی سپلائی کا مسئلہ حل  ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK