Inquilab Logo

بھیونڈی: آئی جی ایم اسپتال میں غیر کووِڈ مریضوں کا علاج شروع کیا گیا

Updated: August 24, 2020, 11:17 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کو ۲؍حصوں میں تقسیم کرکے کووِڈ اور نان کووِڈمریضوں کے علاج کے لئے ۱۰۰۔ ۱۰۰؍بیڈمختص

IGM Hospital
آئی جی ایم اسپتال میں غیر کووڈ مریضوں کا علاج شروع ہونے سے شہریوں کو راحت ملے گی

میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کو بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے اندراگاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال(آئی جی ایم) میں نان کووِڈ مریضوں کا علاج  شروع کردیا ہے۔ انتظامیہ نے آئی جی ایم اسپتال کو۲؍حصوں میں تقسیم کرکے کووِڈ اور نان کووِڈمریضوں کے علاج کیلئے ۱۰۰۔ ۱۰۰؍بیڈمختص کئے ہیں۔نیز دونوں  طرح کےمریضوں کے داخلے کیلئے  الگ الگ دروازے مقرر کئے گئے ہیں۔عام مریضوںکے علاج کیلئے آئی جی ایم اسپتال کی سابقہ خدمات شروع ہونے سے شہریوںنے راحت کی سانس لی ہے۔
 واضح ہوکہ کورونا سے متاثر مریضوں کے علاج کیلئے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کو کووِڈ۱۹؍اسپتال میں تبدیل کرکے اس اسپتال کی سبھی خدمات شہر کے دوسرے پرائیویٹ اسپتالوں کے سپرد کردی گئی تھی۔تاہم کارپوریشن کے ذریعہ ان اسپتالوں پر ہرماہ لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود غیر کووِڈ مریضوں بالخصوص زچگی کیلئے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے، بروقت طبی امداد نہ پہنچانے اور اسپتالوں پر لاپرواہی ، اپنے فرض کے تئیں مجرمانہ غفلت کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔
 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر نتن موکاشی نے بتایا کہ نان کووِڈ مریضوں کی پریشانیوں اور نجی اسپتالوں کی سرد مہری  اور غیرپیشہ وارانہ رویے کو دیکھتے ہوئے ہم نے آئی جی ایم اسپتال کو۲؍حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کیا۔اس منصوبے کے تحت اسپتال کے ایک حصے میں ۱۰۰؍ بیڈ کاکووِڈاسپتال اوردوسرے حصے میں ۱۰۰؍ بیڈکانان کووِڈاسپتال بنایا گیا ہے۔
 ڈاکٹر موکاشی کے مطابق آئی جی ایم اسپتال کو ہائی بریڈاسپتال بنانا ایک نیا کنسیپٹ ہے۔ کیونکہ کوروناکے بڑھتے اثرات کی وجہ سے کوئی نہیں جانتا ہے کہ اس کا اثر کب تک رہے گا۔لہٰذا یہ دونوں اسپتال الگ الگ بنائے گئے ہیں۔ آئی جی ایم اسپتال میں کورونا سے متاثر مریضوں کیلئے اسپتال کی عمارت کے پیچھے سے اور نان کووِڈ مریضوں کو پہلے کی طرح  اسپتال کے صدر دروازے سے داخل ہونے کا انتظام کیا گیا ہے۔کووِڈ کے مریضوں کے علاج کیلئے ڈاکٹر امول شیٹے کو انچارج بنایا گیا ہے جبکہ  غیر کووِڈ مریضوں کے علاج کی ذمہ داری  اسپتال کے سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر انل تھورات کو دی گئی ہے۔ڈاکٹر موکاشی نے مزید بتایا کہ عملے کی کمی ہے تاہم ضرورت کے مطابق اس خلاء کو بھی پُرکرلیا جائے گا۔فی الحال کورونا سے متاثرمریضوں کیلئے  آئی جی ایم کے کچھ اسٹاف اور کارپوریشن کے ذریعہ عارضی طور پر بھرتی کئے گئے ڈاکٹروں اور ان کے عملے کے ذریعہ علاج کیا جائے گا۔  اسپتال میں عام مریضوں کے علاج کی سہولیات شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں دوسرے مریضوں خاص طور پر حاملہ خواتین کو زچگی میں پیش آنے والی پریشانیوں سے نجات مل جائے گی۔
 اندرا گاندھی میموریل اسپتال کے سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر انل تھورات نے بتایا کہ اسپتال میں عام مریضوں کا علاج کرنا شروع کردیا گیا ہے۔۲؍ سے۳؍روز میںپہلے کی طرح ہی مریضوں کو سبھی طبی سہولیات ملنا شروع ہوجائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK