Inquilab Logo

بھیونڈی :خسرہ اور پولیوسےحفاظت کیلئے ٹیکہ کاری مہم ،۴۰۰؍مراکز قائم کئے جائیں گے

Updated: December 04, 2023, 11:20 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر کو خسرہ اور پولیو سے پاک کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کی جانب سے ۴؍دسمبر (آج) سے ۸؍دسمبر کے درمیان خسرہ اور ۱۰؍ دسمبر سے ۱۴؍دسمبر تک پلس پولیو مہم چلائی جائے گی۔

Municipal officers discussing the vaccination campaign in a meeting. Photo: Inquilab
ٹیکہ کاری مہم سے متعلق میٹنگ میں میونسپل افسران تبادلۂ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر:انقلاب

شہر کو خسرہ اور پولیو سے پاک کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت کی جانب سے ۴؍دسمبر (آج) سے ۸؍دسمبر کے درمیان خسرہ اور ۱۰؍ دسمبر سے ۱۴؍دسمبر تک پلس پولیو مہم چلائی جائے گی۔ ہدف تک پہنچنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹیکہ کاری کے ۴۰۰؍مراکزبنائے جائیں گے جہاں لوگ اپنے بچوں کو ٹیکہ لگواسکتے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی ایس ٹی اسٹینڈ اورریلوے اسٹیشن پر بھی ٹیکہ کی سہولت فراہم کرائی جائے گی۔شہر کو پولیو اور خسرہ سے پاک کرنے کیلئے میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹیکہ لگواکر کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں ۔
  میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے کہا کہ شہر میں ۴؍سے دسمبر سے ۸؍ دسمبر کے درمیان خسرہ (میسلس روبیلا) کی ٹیکہ کاری کی جائے گی اور ۱۰؍ دسمبر سے۱۴؍ دسمبر تک پلس پولیو مہم چلائی جائے گا۔اس مہم کیلئے شہر کے مختلف حصوں میں ۴۰۰؍مراکزقائم کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی گھر گھر سروے کیا جائے گا اور بچوں کو پلس پولیو کی خوراک دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بس اسٹاپ اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ویکسین دستیاب کرائی جائے گی۔ تمام والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے گھر کے صفر سے پانچ سال کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور دیگر ضروری ٹیکے لگوائیں تاکہ ان کا بچہ محفوظ اور مکمل طور پر صحت مند رہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہم کے دوران خصوصی توجہ ان مستحقین پر رکھی گئی ہے جو ٹیکہ کاری سے انکار کرتے رہے ہیں ۔ اسی کے ساتھ ٹیکہ کے معاملے میں خاموش رہنے والوں سے رابطہ کرکے ۱۰۰؍ فیصد مستحقین کو ٹیکہ لگانے کی کوشش جائے گی۔ میونسپل کمشنر کے مطابق بھیونڈی شہر اور ہمارے ملک کاہدف خسرہ اور پولیو سے پاک ہندوستان ہے جسے حاصل کرنے کیلئے شہر کے تمام سماجی، مذہبی، تعلیمی، ادارہ جاتی وغیرہ میں کام کرنے والے شہریوں سے ٹیکہ کاری کی اس سرگرمی میں حصہ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔
 یاد رہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعے میونسپل کارپوریشن صفر سے ۵؍برس کی عمر کے بچوں کیلئے ایک خصوصی پلس پولیو پروگرام اور صفرسے ۲؍ سال کی عمر کے تمام بچوں کیلئے ٹیکہ لگانے کی مہم چلائی جائے گی۔ پلس پولیو مہم کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن میں محکمہ صحت کے سبھی افسران، آشا ورکروں اور آنگن واڑی ورکروں کی مشترکہ میٹنگ منعقد کرکے ٹیکہ کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ 
 میٹنگ میں محکمہ صحت کی سربراہ ڈاکٹر بشریٰ سید، ڈاکٹر جیونت دھولے ، ڈاکٹر پریا پھڑکے اور سبھی پرائمری ہیلتھ سینٹر کے افسران،پانچوں پربھاگ کے معاون میونسپل کمشنرس، پی آر اوملند پالسولے اور دیگر افسران و اہلکارموجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK