Inquilab Logo

بائیڈن کو اب احساس ہوا کہ اسرائیل ’حد سے تجاوز‘ کر رہا ہے مگر حملوں میں کوئی کمی نہیں آئی

Updated: February 10, 2024, 10:47 AM IST | Agency | Washington

غزہ میں ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۷؍ شہید، رفح میں اسرائیل کی فوج کشی کا خطرہ برقرار، اقوام متحدہ نے پھر متنبہ کیا کہ اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوں گے۔

A road situation during the war in Gaza. Photo: PTI
غزہ میں جنگ کے دوران ایک سڑک کی صورتحال۔ تصویر: پی ٹی آئی

امریکی صدر جو بائیڈن کو اب احساس ہورہاہے کہ غزہ میں  اسرائیل کی کارروائیاں  ’’ضرورت سے زیادہ اور اپنے حد سے تجاوز‘‘ ہیں  تاہم انہوں  نےاب بھی تل ابیب کو حملوں   سے باز رہنے کی ہدایت نہیں دی۔ د وسری طرف غزہ میں  جمعہ کو بھی اسرائیلی حملے جاری رہے جس میں  ۲۴؍ گھنٹوں  میں  ۱۰۷؍ افراد شہید ہو گئے۔ اتنا ہی نہیں  رفح پر اسرائیل کی فوج کشی کا خطرہ بھی برقرار ہے۔ صہیونی ریاست نے عالمی برادری کے دباؤ کے باوجود اس پر پیچھے ہٹنے کا اعلان نہیں  کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ رفح پر فوج کشی کے انتہائی تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ واضح رہے کہ پورے غزہ سے بے گھر ہونے والے افراد نے رفح میں  پناہ لے رکھی ہے۔ 
اس بیچ واشنگٹن میں ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر جوبائیڈن نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے غزہ میں جنگ کے آغاز سے ہی شہریوں کی حفاظت اور اس کی ہولناکی کو کم کرنے کی کوشش کی ہے اور اب مکمل جنگ بندی کیلئے اسرائیل پر سخت دباؤ ڈال رہا ہے۔ امریکی صدر نے صحافیوں سے کہا کہ’’ میرے خیال میں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، غزہ میں اسرائیل کا فوجی ردعمل شدید اور اپنی حدود سے تجاوز پر مبنی رہا ہے۔ ‘‘
غزہ تک امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے بھی امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ مصری صدرعبد الفتاح السیسی غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کیلئے رفح کراسنگ کھولنا نہیں چاہتے تھے تاہم امریکہ نے انہیں  اس کیلئے راضی کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK