مقتول سرپنچ سنتوش دیشمکھ کی بیوی کے سامنے سوروپانند دیشمکھ نے پرچہ بھراجو سنتوش سے الیکشن ہار چکے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 10, 2026, 10:41 AM IST | Z. A. Khan | Mumbai
مقتول سرپنچ سنتوش دیشمکھ کی بیوی کے سامنے سوروپانند دیشمکھ نے پرچہ بھراجو سنتوش سے الیکشن ہار چکے ہیں۔
بیڑ ضلع کے مساجوگ گرام پنچایت کے سرپنچ عہدے کیلئے ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک اہم موڑ آیا ہے، جس کے بعد اب اس انتخاب کے بلامقابلہ ہونے کی امید کم ہو گئی ہے۔ گاؤں میں پہلے اس بات کی کوششیں جاری تھیں کہ انتخاب بلامقابلہ ہو جائے، مگر اچانک سوروپانند دیشمکھ نے میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے مقابلہ دلچسپ ہو گیا ہے۔ سوروپانند دیشمکھ، اس سے قبل آنجہانی سنتوش دیشمکھ کے ہاتھوں ۹؍ ووٹ سے الیکشن انتخاب ہار چکے تھے، اب دوبارہ سرپنچ کے عہدے کیلئے اپنی قسمت آزمانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے فارم بھرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر گاؤں کے لوگ بلامقابلہ انتخاب چاہتے ہیں تو وہ اس کا احترام کریں گے، تاہم حتمی فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہی ہوگا۔ گاؤں میں کل ۲؍ ہزار ۲۸۴؍ ووٹر ہیں۔ یہاں ۲۹؍ اپریل کو الیکشن ہونے والا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بارامتی: دن بھر کی ڈرامائی صورتحال کے بعد کانگریس نے امیدوار واپس لیا
دوسری جانب، مقتول سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی اس نشست کیلئے ان کی اہلیہ اشوِنی دیشمکھ کو بھی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اشوِنی دیشمکھ نے کہا کہ یہ فیصلہ خاندان اور گاؤں والوں کے مشورے سے کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب بلامقابلہ ہونا چاہئے تھا، مگر جمہوریت میں ہر کسی کو الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سنتوش دیشمکھ کے ادھورے خواب کو پورا کریں گی اور گاؤں میں پانی کی قلت نہ ہو اور ترقیاتی کام جاری رہیں، اس کیلئے کوشش کریں گی۔اس معاملے سنتوش دیشمکھ کے بھائی دھننجے دیشمکھ نے کہا کہ سنتوش دیشمکھ کے خواب کو پورا کرنے کیلئے وہ پرعزم ہیں اور گاؤں والوں سے اپیل کی کہ وہ اشوِنی دیشمکھ کا ساتھ دیں۔واضح رہے کہ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا ہے اور نئے منتخب ہونے والے سرپنچ کی مدت تقریباً ۱۸؍ ماہ ہوگی۔