Inquilab Logo

بہار : لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع، پابندیوں سے کورونا میں کمی کا دعویٰ

Updated: May 25, 2021, 11:34 AM IST | Agency | Patna

نتیش کے مطابق لاک ڈاؤن کا اچھا اثر ہوا اور کورونامیں کمی دکھ رہی ہے ، اس لئے بہار میں مزیدایک ہفتہ کیلئے یعنی یکم جون تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے

Coronet test of Mumbai visitors at Patna station. Picture:PTI
پٹنہ اسٹیشن پر ممبئی سے آنے والوں کا کوروناٹیسٹ۔تصویر :پی ٹی آئی

حکومت بہار نے عالمی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے لگائے گئے لاک ڈاؤن کو ایک جون تک بڑھا دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نتیش کمار نے  پیر کو کرائسس مینجمنٹ گروپ ( سی ایم جی ) کے اجلاس کے فوراً بعد خودٹویٹ کرکے بتایاـ:’’ کورونا انفیکشن کے مد نظر۵ء مئی۲۰۲۱ء سے ۴؍ ہفتہ کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا ۔ آج پھر سے کابینی رفقاءاور افسران کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا گیا ۔ نتیش کمار نے کہاکہ لاک ڈاؤن کا اچھا اثر ہوا اور کورونا انفیکشن میں کمی دکھ رہی ہے ، اس لئے بہار میں ۲۵؍مئی کے بعد مزیدایک ہفتہ کیلئے یعنی یکم جون تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے بعد ریاست کے چیف سیکریٹری تری پراری شرن ، ڈیولپمنٹ کمشنر عامر سبحانی ، پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس کے سنگھل ، ایڈیشنل چیف داخلہ سیکریٹری چیتنیہ پرساد  جبکہ صحت اور آفات مینجمنٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پرتیہ امرت نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ کورونا کی اعلیٰ سطحی میٹنگ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی جس میں لاک ڈاؤن کے دوران انفیکشن میں کمی کے مد نظر اس کو آئندہ ۷؍ دنوں کیلئے۲۶؍ مئی سے یکم جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ چیف سیکریٹری نے کہاکہ اس بار لاک ڈاؤن کے دوران کھاد، بیج ، جراثیم کش دوائیں اور زرعی آلات سے متعلق دکانوں اور اداروں کو ہر دن کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اب ایسی دکانیں شہر ی علاقوں میں صبح۶؍ بجے سے۱۰؍ بجے دن تک اور دیہی علاقوں میں صبح۸؍ بجے سے۱۲؍ بجے  دوپہر تک کھلی رہیںگی ۔ سبھی پابندیاں گزشتہ لاک ڈاؤن  کے مطابق ہی رہیںگی ۔
 چیف سیکریٹری تری پراری شرن نے یہ بھی بتایاکہ ضلع مجسٹریٹ مقامی حالات کا جائزہ لے کر  مزید سخت پابندی لگا سکتے ہیں لیکن کسی بھی صورت میں محکمہ داخلہ کے رہنمااصول کے مطابق لگائی گئی پابندیوں میں نرمی نہیں کرسکتے ہیں۔اس سے قبل وزیراعلیٰ کے سرکاری رہائش ایک انے مارگ  میں واقع سنکلپ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے کرائس مینجمنٹ گروپ کی میٹنگ میں  نتیش کمار نے کہاکہ  وہ کورونا انفیکشن کی روزانہ  معلومات حاصل کرتے ہیں اور اس کی بنیاد پر صحت محکمہ اور متعلقہ افسران کو ہدایت بھی دی جاتی ہے ۔ کورونا انفیکشن سے تحفظ کیلئے حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں موبائل ٹیسٹنگ وین کی  ابتداء کی گئی ہے  جس سے روزانہ دیہی علاقوں میں ایک ہزارا فرادکی جانچ ہوگی اور اس جانچ کی رپورٹ ۲۴؍گھنٹے میں مل جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت  ہر شخص کی ٹیکہ کاری کیلئے مسلسل کوشاں ہے ۔  وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو وزیراعلیٰ راحت فنڈ سے ۴؍ لاکھ روپے کی مدد دی جارہی ہے ۔  سبھی ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کورنا انفیکشن سے جن کی بھی موت ہوئی ہے پوری  تفصیل جمع کریں اور ان کے اہل خانہ کو معاوضے کی رقم فوری طور دستیاب کرائیں۔  نتیش کمار کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران کمیونٹی کچن کے توسط سے ضرورت مند وں کو دونوں وقت کھانا مہیا کرایاجارہاہے ۔ ہرایک بلاک میں کمیونٹی کچن  ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران خواہشمند افراد کو روزگار بھی دستیاب کرائے جارہے ہیں  ۔ تمام اضلاع کے انچارج وزیر کورونا انفیکشن کی صورتحال اور اس کے بچاؤ کیلئے کئے جارہے کاموں کی مسلسل جانکاری لے رہے ہیں اور محکمہ صحت کو اس کا فیڈ بیک دے رہے ہیں جس کی بنیاد پر بھی محکمہ تمام ضروری اقدامات اٹھارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو دنوں سے افسران کی سطح پر سبھی ضلع مجسٹریٹ سے کورونا انفیکشن اور لاک ڈاؤن  میں توسیع  سے متعلق  بات چیت گئی ۔ سب نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا مشورہ دیا ہے ۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے انفیکشن کی شرح میں گراوٹ آئی ہے ۔ پہلے ۳؍ ہفتہ تک لاک ڈاؤن کی مدت  میں توسیع کی گئی جس کے مثبت نتائج ملے ہیں ۔ دیہی علاقوں میں کورونا سے متعلق سبھی ضلع مجسٹریٹ کو پہلے  ہی سے خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK