کھانا آرڈر کرنے کے پلیٹ فارم سویگی کی ’ہائو انڈیا سویگیڈ‘ رپورٹ میںلگاتار دسویں مرتبہ بریانی سر فہرست۔
سویگی پر بریانی نے ایک بار پھر اپنی دہائیوں پر محیط مقبولیت کو ثابت کرتے ہوئے۲۰۲۵ء میں بھی سب سے زیادہ آرڈر کیا جانے والا کھانا ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔ سویگی کی رپورٹ’’ہاؤ انڈیا سویگیڈ‘‘ کے دسویں ایڈیشن کے مطابق سال ۲۰۲۵ء میں بریانی کے مجموعی طور پر ۹؍کروڑ۳۰؍لاکھ آرڈرس دئیے گئے، جو اوسطاً ہر منٹ۱۹۴؍ اور ہر سیکنڈ ۲۵ء۳؍آرڈرز کے برابر ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق چکن بریانی ۵؍کروڑ ۷۷؍لاکھ آرڈرس کے ساتھ تمام بریانی ویرینٹس میں سرفہرست رہی اور سب سے زیادہ ریپیٹ آرڈرز بھی اسی کے نام رہے۔ اسی وجہ سے کل ملاکر بریانی کے ۹؍ کروڑسے زائد آرڈرس ہوئے۔
فاسٹ فوڈ کی کیٹیگری میں برگرز ۴؍کروڑ ۴۲؍لاکھ آرڈرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پیزا ۴؍کروڑ ایک لاکھ آرڈرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور ویج ڈوسا ۲؍ کروڑ ۶۲؍ لاکھ آرڈرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔میٹھے پکوانوں کی بات کی جائے تو وائٹ چاکلیٹ کیک نے ۶۹؍ لاکھ آرڈرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، اس کے بعد چاکلیٹ کیک ۵۴؍ لاکھ ، اور گلاب جامن ۴۵؍ لاکھ کا نمبر آیا۔ روایتی ہندوستانی مٹھائیوں میں کاجو برفی(۲۰؍ لاکھ) اور بیسن کےلڈو (۱۹؍ لاکھ) صارفین کی پسندیدہ فہرست میں شامل رہے۔
عالمی کھانوں نے بھی سویگی صارفین کی ٹرالی میں مضبوط جگہ بنائی۔ میکسیکن کھانوں کے ایک کروڑ ۶۰؍ لاکھ، تبتی کھانوں کے ایک کروڑ ۲۰؍ لاکھ سے زائد جبکہ کورین کھانوں کے ۴۷؍ لاکھ آرڈرز دیے گئے۔ سال ۲۰۲۵؍میں ماچا سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی عالمی غذا رہی۔ ممبئی کے ایک فوڈی نے ۲۰۲۵ء میں سویگی پر مجموعی طور پر۳؍ ہزار ۶۱۹؍ فوڈ آرڈرس دے کردن بھر کھانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔