Inquilab Logo

سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر بشنوئی گینگ کی فائرنگ

Updated: April 15, 2024, 10:16 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اداکار کو دھمکاتے ہوئے انمول بشنوئی نےا سے محض’’ٹریلر‘‘قراردیا، پولیس الرٹ، حملہ میں استعمال ہونےوالی موٹر سائیکل برآمد۔

Police and forensic team members examine bullet marks after the shooting at Galaxy Apartments. Photo: INN
پولیس اور فورنسک ٹیم کے اہلکار گیلکسی اپارٹمنٹ پر فائرنگ کے بعد گولیوں کے نشان کی جانچ کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

بشنوئی گینگ کی جانب سے بالی ووڈ سپر اسٹارسلمان خان کو کئی بار دھمکیاں  دیئے جا نے کے بعد اتوار کی صبح  باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ ’گیلکسی اپارٹمنٹ‘ پر ۲؍ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ۴؍ رائونڈ فائر کی اور فرار ہوگئے۔ موٹر سائیکل سواروں کا ویڈیو سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے لیکن ان کے چہرے نظر نہیں آرہے ہیں۔ اگرچہ اس فائرنگ میں کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن اس کیس کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس سلسلے میں ڈی سی پی کے دفتر میں ہنگامی میٹنگ لی گئی ہے۔ 
سلمان خان کو ماضی میں قتل کی دھمکیاں دینے والے گینگسٹر لارینس بشنوئی کے بھائی انمول نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ انمول بشنوئی نے ہندی میں جو پیغام دیا ہے وہ کچھ اس طرح ہےکہ ’’ہم امن چاہتے ہیں، ظلم کے خلاف فیصلہ اگر جنگ سے ہو تو جنگ ہی سہی، سلمان خان ہم نے یہ تمہیں ٹریلر دکھانے کیلئے کیا ہے تاکہ تم سمجھ جائو ہماری طاقت کو، اور مت پرکھو، یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے۔ اس کے بعد گولیاں خالی گھر پر نہیں چلیں گی اور جس دائود ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو تم نے بھگوان مان رکھا ہے اس کے نام کے ہم نے دو کتے پالے ہوئے ہیں۔ باقی زیادہ بولنے کی مجھے عادت نہیں۔ ‘‘ پیغام کے اخیر میں ’’لارینس بشنوئی گروپ، گولڈی برار، روہت گودارا اور کالا جٹھاری‘‘ تحریر ہے۔ 
تفتیش کے دوران پولیس نے جائے واردات سے تقریباً ایک کلو میٹر کی دوری پر لاوارث پڑی ایک موٹرسائیکل ضبط کی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ فائرنگ کی واردات میں   استعمال ہوئی ہے۔ اس واردات کے بعد حفاظتی نقطہ نظر سے باندرہ سے ماہم تک مختلف مقامات پر اور سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کی خبر ملنے کے بعد بڑی تعداد میں ان کے مداح گیلکسی اپارٹمنٹ کے باہر جمع ہوگئے جنہیں قابو کرنے کیلئے پولیس کو مشقت اٹھانی پڑی۔ 
ڈی سی پی راج تلک روشن نے فائرنگ کی تصدیق کی البتہ انہوں نے کہا کہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر ہوا میں فائرنگ کی گئی جبکہ جائے واردات پر فورنسک ماہرین کو عمارت کی دیوار پر گولی کا نشان ملا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں ’ایف آئی آر‘ درج کر لی گئی ہے اور ملزمین کو تلاش کرنے کیلئے ۱۵؍ سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ 
تادم تحریر سلمان خان یا ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے اس واردات کے سلسلے میں کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ یاد رہے کہ سدھو موسے والا کیس میں پولیس نے انمول بشنوئی جسے بھانو بھی کہا جاتا ہے، کو بھی ملزمین کی فہرست میں شامل کیا تھا لیکن وہ جعلی پاسپورٹ کی مدد سے امریکہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK