ملک بھر میں احتجاجی ماحول کے بیچ حکمراں محاذ’’مودی کا باپ بھی جائےگا‘‘ تبصرہ کا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے کمر بستہ۔
EPAPER
Updated: October 26, 2026, 10:53 AM IST | Agency | Patna/New Delhi
ملک بھر میں احتجاجی ماحول کے بیچ حکمراں محاذ’’مودی کا باپ بھی جائےگا‘‘ تبصرہ کا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے کمر بستہ۔
پٹنہ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی تقریر کے دوران رخنہ اندازی اوراس پر کھرگے کے جواب سے ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔ مجمع میں موجود ایک شخص نے کھرگے کی تقریر کے دوران جب آواز بلند کی کہ ’’مودی نہیں جائیں گے‘‘تو کانگریس صدر نے آپا کھودیا اور کہا کہ ’’مودی کا باپ بھی جائے گا۔‘‘ایسےوقت میں جبکہ ملک بھر میں بی جےپی سرکار کے خلاف برہمی ہے، بی جےپی نے ملکارجن کھرگے کے تبصرہ کو سیاسی فائدہ اٹھانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ پارٹی نے اس کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ کھرگے کے بیان پر بی جے پی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کانگریس پر سیاسی شائستگی کی حدود پار کرنے کا الزام لگایا ہے۔
دعویٰ کیا جارہاہے کہ اس شخص کی وہاں موجود کانگریس حامیوں نے پٹائی بھی کی ۔ ہال کے باہر اس شخص کی شناخت سنتوش کمار کے طور پر کی گئی۔ اس نے کہا کہ اس کی بات کو غلط سمجھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ججوں کی تقرریوں میں دباؤ کا دعویٰ، عدلیہ کی آزادی پر سوالیہ نشان
این ڈی ٹی وی کے مطابق سنتوش نے وضاحت کی کہ وہ دراصل یہ کہہ رہا تھا کہ جب تک بغاوت نہیں ہوگی، مودی نہیں جائیں گے، لیکن بات کا صرف ایک حصہ سنا گیا اور غلط مطلب نکالا گیا۔اس واقعہ کو بی جےپی نے کانگریس کی ’’جھنجھلاہٹ ‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے جبکہ نائب وزیراعلیٰ امیت شاہ نے الزام لگایا کہ ’’کھرگے نے شائستگی کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کانگریس نے مودی یا ان کے خاندان کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔ کبھی ان کی ماں کی توہین کی گئی، کبھی انہیں ’موت کا سوداگر‘ کہا گیا اور کبھی انہیں ’چائے والا‘ کہہ کر ان کی غربت کا مذاق اڑایا گیا۔‘‘دوسری جانب، کھڑگے نے اسی تقریب میں وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات بھی لگائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے ذریعے ووٹروں کے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس آئی آر کو فوری طور پر معطل کرنے کی اپیل بھی کی۔