Inquilab Logo

اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی وزیر اعظم مودی کے فلاحی کاموں کا نتیجہ ہے: ایکناتھ شندے

Updated: December 09, 2023, 4:24 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے آج وکست بھارت سنکلپ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کامیابی وزیرا عظم مودی کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ۹؍سال میں کئے گئے فلاحی کاموں کا نتیجہ ہے۔ لوگ بی جے پی کی گارنٹی پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ہمیں بھی مودی حکومت میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر فخر ہے۔

Chief Minister Eknath Shinde Photo: INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار فتح وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ۹؍ سال میں کئے گئے فلاحی کاموں کا نتیجہ ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں تین ریاستوں میں شاندار فتح حاصل کی ہےجبکہ کانگریس نے تلنگانہ میں کامیابی حاصل کی۔شندے نے وکست بھارت سنکلپ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ۹؍ سال میں وہ کام کئے جو دوسری حکومتیں ۵۰؍تا ۶۰؍ سال میں نہیں کر سکیں ۔ہم نے حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار فتح دیکھی۔ لوگوں کو بی جے پی کی گارنٹی پر بھروسہ ہے۔ ہمیں مودی کی حکومت میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ ایکناتھ شندے کی حکومت نے ممبئی میں صفائی مہم جاری کی ہے۔ آج صبح بھی وزیر اعلیٰ نے جوہو، نہرو روڈ، ولے پارے مشرق اور شہر کے دیگر مقامات کا دورہ کرکے اس مہم کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ شندے نے صفائی کیلئے آگاہی پھیلانے والی ریلی کیلئے کاندیولی مشرق میں ہاؤسنگ سوسائٹی کا بھی دورہ کیا۔ اس درمیان یو بی ٹی شیوسینا کے لیڈر سنجے راؤت نے شندے کی جانب سے جاری کی جانے والی اس مہم کو ڈراما قراردیتے ہوئے کہا کہ شندے کو پہلے اپنی کابینہ میں بد عنوانی کو صاف کرنا چاہئے۔ انہیں شہر میں سڑکوں کو دھونے کے بجائے بلدیاتی اداروں کیلئے انتخابات کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ اس طرح کے ڈرامے کی ضرورت نہیں۔ یہ کارپوریٹر کا کام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK