Inquilab Logo

بی جے پی کی توجہ بنگال پر مرکوز، امیت شاہ اور جے پی نڈا کا دورہ

Updated: December 27, 2023, 7:26 AM IST | Agency | Kolkata

لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے ۱۵؍رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ، پارٹی کارکنان کو ۳۵؍ سیٹوں کاہدف دیا گیا، ریاستی لیڈران کے ساتھ آج پھر میٹنگ۔

Home Minister Amit Shah and BJP chief JP Nadda are on a two-day visit to West Bengal. Photo: INN
وزیرداخلہ امیت شاہ اور بی جے پی سربراہ جے پی نڈامغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے منگل کو مغربی بنگال بی جے پی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد اگلے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے۱۵؍رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی کے ساتھ پارٹی نے کارکنان کو ۳۵؍ سیٹیں جیتنے کا ہدف دیا ہے۔امیت شاہ سے ملاقات کرنے والے ریاستی بی جے پی لیڈروں کی فہرست میں سوکانت مجمدار، دلیپ گھوش، شوبھندو ادھیکاری، راہل سنہا، امیتابھ چکرورتی، ستیش ڈھنڈ، منگل پانڈے اور آشا لکرا شامل ہیں۔ یہ سارے لیڈران ۱۵؍ رکنی انتخابی کمیٹی کے رکن ہیں۔ ان کے علاوہ پانچ جنرل سیکریٹری میں لاکیٹ چٹو پادھیائے، اگنی مترا پال، جگن ناتھ چٹوپادھیائے، جیوترموئے سنگھ مہات اور دیپک برمن بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔  امیت مالویہ اور سنیل بنسل بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں جو اس میٹنگ میں موجود نہیں تھے۔  یہ کمیٹی امیت شاہ کی ہدایت کے مطابق بنائی گئی ہے جس کا مقصد لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں ہیں۔ میٹنگ کے بعد پارٹی ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ کے جانے کے بعد بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کی میٹنگ جلد ہونے والی ہے۔ امیت شاہ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میںریاستی لیڈروں کوکئی ہدایات دی گئی ہیں۔ ان ہدایات پر عمل کرنے کیلئے بی جے پی لیڈران بدھ کو ایک بار پھر میٹنگ کریں گے۔
  بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ مغربی بنگال اب بھی بی جے پی کیلئے ایک بڑا چیلنج  ہے، اسلئے ایسا کہاجارہا ہے کہ کمان امیت شاہ اب خود اپنے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۴ء میںمودی لہر کے دوران بھی بی جے پی کو مغربی بنگال میں صرف۲؍ سیٹیں ہی مل سکی تھیں جبکہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے ۳۴؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔مودی کے دوسرے دور یعنی ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں ٹی ایم سی کو حکومت مخالف رجحان کا سامنا تھا،اس کی وجہ سے اس کی سیٹیں کم ہوکر ۲۲؍ رہ گئی تھیں جبکہ بی جے پی نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ۱۸؍ سیٹیں حاصل کرلی تھیں۔اس کی وجہ سے ایسا لگا تھا کہ بنگال میں بی جے پی کی ساکھ بڑھ رہی ہے۔
 اس کےبعد مغربی بنگال میں۲۰۲۱ء کے اسمبلی انتخابات میں  بی جے پی نےالیکشن جیتنے کیلئے ہر طرح کا حربہ استعمال کیا لیکن وہ ۷۷؍ سیٹوں سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ اس کے برعکس  ٹی ایم سی کو زبردست کامیابی ملی اور۲۹۲؍ اسمبلی سیٹوں میں سے اس  نے۲۱۳؍ سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کرلی تھی۔
 بی جے پی کیلئے یہ بہت بڑا جھٹکا تھا۔ اس کے بعد ہی سے بی جے پی وہاں اپنی جگہ بنانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی نے بنگال میں ۳۵؍ سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ اس سلسلے میں اس پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے بنگال میں جیت کیلئے حکمت عملی بنانا شروع کر دی ہے۔وزیر داخلہ امیت  شاہ اورجے پی نڈا کا   بنگال کا دورہ  اسی کوشش کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔
  خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ایک ساتھ بنگال کے دورے پر گئے ہیں۔ یہ۲؍ روزہ دورہ ہے جس میں مغربی بنگال کے تنظیمی منظر نامے کا بھی  جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK