Updated: March 05, 2026, 6:03 PM IST
| New Delhi
ہندوستان میں ملازمتوں اور تنخواہوں کا منظرنامہ تیزی سے مہارت پر مبنی اجرت کے ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۶ء میں پیشہ ور افراد کی تنخواہوں میں اوسطاً ۶؍ سے ۱۰؍فیصد اضافہ متوقع ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت، ڈجیٹل ٹیکنالوجی اور الیکٹرک وہیکل جیسے شعبوں میں تنخواہوں میں اس سے زیادہ اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہنر کی کمی اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیاں لیبر مارکیٹ کو نئی شکل دے رہی ہیں۔
بھرتی اور ٹیلنٹ سروس کمپنی اڈیکو انڈیا کی رپورٹ ’’سیلری گائیڈ ۲۰۲۶ء‘‘ کے مطابق اس سال زیادہ تر شعبوں میں تنخواہوں میں ۶؍ سے ۱۰؍ فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ہائی ڈیمانڈ شعبوں میں اضافہ ۱۰؍ فیصد سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ اب مہارت اور ٹیکنالوجی کی مہارت سے زیادہ جڑا ہوا ہے۔
زیادہ مانگ والے شعبے
رپورٹ کے مطابق کئی ٹیکنالوجی شعبوں میں ہنرمند افراد کی طلب بہت زیادہ ہے۔ اہم شعبے ہیں:مصنوعی ذہانت (AI)، ڈجیٹل ٹیکنالوجی، الیکٹرک وہیکلز (EV)، ڈیٹا سائنس، اور سائبر سیکوریٹی۔ ان شعبوں میں ماہرین کو ۱۰؍ فیصد سے زیادہ تنخواہ اضافہ مل سکتا ہے۔
آئندہ پانچ برسوں میں اہم مہارتیں
رپورٹ کے مطابق اگلے چند برسوں میں درج ذیل مہارتیں سب سے زیادہ اہم ہوں گی:قیادت اور مینجمنٹ اسکلز، اے آئی اور مشین لرننگ، اور پروجیکٹ مینجمنٹ –۔ یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنیاں ٹیکنالوجی اور قیادت دونوں صلاحیتوں والے پیشہ ور افراد کو ترجیح دے رہی ہیں۔
ملازمتوں کے مواقع اور ملازمین کی نقل و حرکت
رپورٹ کے مطابق لیبر مارکیٹ میں سرگرمی بھی بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ۴۲؍ فیصد پیشہ ور افراد نئی ملازمتوں کی تلاش میں ہیں۔ ۴۷؍ افراد پیشکشوں کے لیے دستیاب ہیں مگر فعال طور پر ملازمت تلاش نہیں کر رہے ہیں۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ ملازمین بہتر مواقع کے لیے تیار ہیں۔
مختلف شعبوں میں تنخواہ میں اضافہ
کلینیکل ریسرچ اور ریگولیٹری امور میں ملازمت تبدیل کرنے پر ۲۰؍ سے ۳۵؍ فیصد تنخواہ اضافہ ممکن۔ فن ٹیک اور ڈیٹا فنانس میں ماہرین کو ۳۰؍ سے ۴۰؍ فیصد اضافہ مل سکتا ہے۔ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اے آئی ایم ایل انجینئرز، ڈیٹا انجینئرز اور سائبر سیکوریٹی ماہرین کی تنخواہ میں ۱۰؍ سے ۱۲؍ فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔ دیگر ڈجیٹل عہدے جیسے فل اسٹیک انجینئر، کلاؤڈ انجینئر اور ڈیو آپس انجینئر کی تنخواہوں میں ۸؍ سے ۱۰؍ فیصد اضافہ متوقع ہے۔ بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبے میں اسٹریٹجک قیادت کے عہدے جیسے سی ایف اور اور سی آر او مارکیٹ اوسط سے دوگنی تک تنخواہ حاصل کر سکتے ہیں۔
میٹرو اور چھوٹے شہروں میں فرق
رپورٹ کے مطابق میٹرو شہروں میں تنخواہیں ٹائر ۲؍ اور ٹائر ۳؍ شہروں کے مقابلے میں ۱۰؍ سے ۲۰؍ فیصد زیادہ ہیں۔ کمپنیاں اب صرف تنخواہ نہیں بلکہ مکمل ملازمت پیکیج پر توجہ دے رہی ہیں۔
ہائبرڈ اور ریموٹ کام کا رجحان
رپورٹ کے مطابق کام کے نئے ماڈل تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ ۴۳؍ ملازمین ہائبرڈ ماڈل میں، ۳۵؍ فیصد مکمل ریموٹ اور ۲۲؍ مکمل دفتر میں کام کر رہے ہیں۔
اے آئی کے اثرات پر خدشات
مصنوعی ذہانت کے استعمال نے ملازمین میں کچھ خدشات بھی پیدا کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ۶۵؍ فیصد پیشہ ور افراد اے آئی اسکریننگ میں ممکنہ تعصب سے خوفزدہ ہیں۔ ۳۵؍ سے ۴۵؍ افراد کو خدشہ ہے کہ آٹومیشن سے ملازمتوں کے مواقع کم ہو سکتے ہیں۔