Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ بی جے پی الیکشن کمیشن سے اپنا کام کروارہی ہے‘‘

Updated: August 13, 2025, 12:04 PM IST | Shahid Iqbal | Patna

تیجسوی یادو کا دعویٰ ، کہا کہ راہل گاندھی کے ساتھ جلد ہی عوام کے بیچ جائیں گے،اس میں تمام اہم مسائل پر بات چیت ہوگی۔

Tejashwi Yadav addressing a press conference in Patna. Photo: PTI
پٹنہ میں تیجسوی یادو پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کو اپنی رہائش گاہ کےسامنے میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بہار میں ووٹروں کے نام بڑے پیمانے پر حذف کئے جا رہے ہیں، جو پوری طرح سے بی جے پی کی سازش کاحصہ ہے۔ انہوں نے حکومت کےساتھ ساتھ الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ووٹروں کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں جبکہ بہار کے لوگوں کی بڑی تعداد باہر رہتے ہوئے بھی ریاست میں ووٹ ڈالتی ہے۔ اس کے باوجود ووٹر لسٹ سے نام ہٹانا لوگوں کو اپنے حق رائے دہی سے محروم کرنا ہے۔
 تیجسوی یادو نے کہا کہ ایس آئی آر کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہونے کے باوجود اس کا احترام نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ راہل گاندھی کے ساتھ جلد ہی عوام کے بیچ جائیں گے۔ اس میں بہار کے تمام اہم مسائل پر عوام سے بات چیت ہوگی اور الیکشن کمیشن کی من مانی کوبھی عوام کےسامنے رکھیں گے۔ آرجے ڈی  لیڈر تیجسوی یادو نے کہاکہ بی جے پی یہ کام خود نہیں کر سکتی اس لئےالیکشن کمیشن کے ذریعے کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں بہار کو ایک خصوصی پیکیج اور خصوصی درجہ کی ضرورت تھی تاکہ ریاست ترقی کر سکے لیکن ایس آئی آر میں پھنساکر لوگوں کو پریشان کر دیا تاکہ کوئی روزگار اور مہنگائی کی بات نہیں کرسکے۔ ہم کسی فرد کی مخالفت نہیں کر رہے ہیں بلکہ ہم اس طریقہ کار اور ٹائمنگ کی مخالفت کر رہے ہیں جس میں یہ طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ 
 اپوزیشن لیڈر نے نائب وزیراعلیٰ وجے کمار سنہا کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن پر اپنے خیالات تھوپے اور خود کو بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کی۔ تیجسوی یادونے پوچھاکہ اگر وجے کمار سنہانے غلطی نہیں کی ہے تو کس نے ایسا کیا اوراس کا قصور وار کون ہے؟ 

راہل اور تیجسوی کی ’ووٹ ادھیکار یاترا‘
راہل گاندھی اور تیجسوی یادویاتراپرنکلنے والے ہیں۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور ریاست کے اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو ۱۷؍اگست سے ایک ساتھ `’ووٹ ادھیکاریاترا‘شروع کرنے جا رہے   ہیں۔  ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ یاترا یکم ستمبر کو پٹنہ میں ختم ہوگی۔ اس دوران وہ ۲۳؍ اضلاع کا دورہ کریں گے اور عوام کو ووٹروں کے حقوق کے بارے میں بتائیں گے۔ ان کا مقصد الیکشن کمیشن کی مبینہ بے ضابطگیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا ہے۔تیجسوی یادو نے منگل کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، `’ایک چور آئیڈیا چرا سکتا ہےلیکن وہ وژن کہاں سے لائے گا؟ تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان کے اعلانات کی نقل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار `کاپی پیسٹ حکومت جائے گی اور `نوجوانوں کی حکومت آئے گی۔’ووٹ ادھیکار یاترا‘ کے بارے میں موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس یاترا کے پہلے دن راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے بھی شرکت کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK