• Sat, 08 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی لیڈروں کی شرانگیری، ۳؍مسلم اراکین اسمبلی کے دفترکے باہر وندے ماترم گایا

Updated: November 08, 2025, 3:47 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

 ’وندے ماترم‘  کے ۱۵۰؍سال پورے ہونے پر بی جے پی کے لیڈروں نے ممبئی میں رہنےو الے مسلم اراکین اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے گھر کےباہر اسی طرح امین پٹیل  اور رکن اسمبلی اسلم شیخ  کے دفتروں کے باہر وندے ماترم گا کر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ 

Abu Asim Azmi. Photo: INN
ابو عاصم اعظمی۔ تصویر: آئی این این
 ’وندے ماترم‘  کے ۱۵۰؍سال پورے ہونے پر بی جے پی کے لیڈروں نے ممبئی میں رہنےو الے مسلم اراکین اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے گھر کےباہر اسی طرح امین پٹیل  اور رکن اسمبلی اسلم شیخ  کے دفتروں کے باہر وندے ماترم گا کر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔  اس پر ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ جبراً وندے ماترم پڑھوانے کی کوشش کرنے والوں اور سطحی سیاست کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ اسی طرح امین پٹیل اور اسلم شیخ نے بھی وندے ماترم پڑھنے والوں کا خیر مقدم کیا  اور انہیں اپنے دفتر میں وندے ماترم پڑھنے کی دعوت دی۔ 
انگریزوں کی دلالی کرنے والے ہم سے حب الوطنی کا ثبوت مانگ رہے ہیں : ابو عاصم
ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ’’عدالت نے یہ اختیار دیا ہے کہ جو چاہے، وہ وندے ماترم پڑھے اور جو چاہئے نہ پڑھے۔ اس کیلئے کسی پر جبر نہیں کیا جاسکتا ہے، اس کے باوجود بی  ایم  سی الیکشن کو ذہن میں رکھتے ہوئے بی جے پی  لیڈر ایک بار پھر مذہبی نفرت پھیلانے کی سیاست کر ر ہے ہیں اور میرے گھر کے قریب انہوں نے وندے ماترم گانے کا پروگرام کیا۔ہم مسلمانوں کے آباء و اجداد نے ملک کی  جنگ آزادی میں شہادت کا جام پیا  اور جو لوگ اس وقت انگریزوں کی دلالی کرتے تھے، وہ آج ہمیں حب الوطنی سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ افسوسناک ہے ۔ مَیں ان کے خلاف کورٹ سے رجوع کروں گا۔‘‘
’’میرے دفتر میں وندے ماترم گائیں‘‘
ملاڈ مغرب کے رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ ’’ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم اور دیگر لیڈران جو میرے دفتر کے سامنے سڑک پر وندے ماترم گانے کا اہتمام کر رہے ہیں،  ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ سڑک پر پروگرام کرنے کے بجائے میرے دفتر میں پروگرام کریں، ہم انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کریں گے۔ دفتر میں پروگرام کرنے سے عوام کو ٹریفک جام  سے بھی راحت ملے گی۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’یہ نچلی سطح کی سیاست سے زیادہ  کچھ نہیں ہے۔‘‘
اسی طرح رکن اسمبلی امین پٹیل کے کماٹی پورہ میں واقع  اپنے رابطہ آفس کے باہر احتجاجاً وندے ماترم گایا گیا ۔
اس ضمن میں کانگریس کے سینئر ترجمان سچن ساونت نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ۱۹۳۸ء میں وندے ماترم کو قومی ترانے کا درجہ دیا تھا اور ۱۸۹۶ء سے کانگریس کے سبھی قومی جلسوں میںیہ گیت گایا جاتا ہے ، اس کے باوجود بی جےپی نے یہ جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی ہے کہ کانگریس کے چند اراکین اسمبلی اس گیت کی مخالفت کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK