• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’کنگ‘ کے گانے میں دپیکا کے زعفرانی لباس پہننے پر بی جے پی رکن اسمبلی معترض

Updated: November 06, 2026, 5:31 PM IST | New Delhi

شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ ریلیز سے قبل ایک نئے تنازع کا شکار ہوگئی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے گانے’تو مل جائے‘ میں دپیکاپڈوکون کے زعفرانی لباس پر اعتراض کرتے ہوئے منظر میں تبدیلی کا مطالبہ کیا اور ملک گیر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

Shah Rukh Khan and Deepika Padukone in a scene from the song `Tu Mil Jaye` from `King`. Photo: INN
’کنگ‘ کے گانے’ تو مل جائے‘ کے ایک منظر میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون۔ تصویر: آئی این این

بی جے پی کے رکن اسمبلی رویندر سنگھ نیگی نے شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کے گانے ’’تو مل جائے‘‘ میں اداکارہ دپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس پر اعتراض کرتے ہوئے اس منظر میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر اس منظر کو تبدیل نہیں کیا گیا تو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ روزنامہ دینک سماچار کے ایک رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے نیگی، جو روی نیگی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے الزام لگایا کہ گانے کا یہ منظر سناتن دھرم کی توہین کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گانے کے اس حصے کو ہٹایا جائے جس میں دپیکا پڈوکون زعفرانی لباس میں نظر آتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں عبد السید کی کامیابی کے حوالے سے اویسی کے بیان پر سیاسی بحث تیز

انہوں نے شاہ رخ خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ویب سائٹ ’سیاست‘ کے مطابق اداکار کے خلاف فرقہ وارانہ نوعیت کا بیان بھی دیا۔ نیگی نے فلم ’’پٹھان‘‘ کے دوران ہونے والے تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی ہندو تنظیموں نے احتجاج کیا تھا اور اب بھی وہ اس نئے منظر کی مخالفت کریں گی۔ فری پریس جرنل کے مطابق خبر شائع ہونے تک شاہ رخ خان اوردپیکا پڈوکون نے نیگی کے بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔ یہ تازہ تنازع۲۰۲۳ء میں فلم ’’پٹھان‘‘ کی ریلیز سے قبل ہونے والے ہنگامے کی یاد دلاتا ہے۔ فلم کے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ میں دپیکا پڈوکون کی زعفرانی رنگ کی بکنی پر سیاسی لیڈروں اور مذہبی تنظیموں نے اعتراض کیا تھا۔ ان میں مدھیہ پردیش کے اُس وقت کے وزیر داخلہ نروتم مشرا بھی شامل تھے، جنہوں نے لباس تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم یہ فلم بعد میں بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی: چاؤڑی بازار میں دردناک حادثہ، زیر تعمیر عمارت منہدم ،۲؍ افراد کی موت

نیگی کے بیان سے قبل ہی سوشل میڈیا صارفین نے نئے گانے کا موازنہ ’’بے شرم رنگ‘‘ سے شروع کردیا تھا۔ بعض صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا دپیکا نے زعفرانی رنگ کا انتخاب سابقہ تنازع کے ردعمل میں طنزیہ انداز میں کیا ہے؟فلم ’’کنگ‘‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے، جو اس سے قبل ’’پٹھان‘‘ بھی بنا چکے ہیں۔ فلم میں شاہ رخ خان اوردپیکا پڈوکون مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جب کہ سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم۲۴؍ دسمبر۲۰۲۶ءء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK