• Mon, 22 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلدیاتی الیکشن میں فتح پربرسراقتدار پارٹیاں خوش، اپوزیشن کی سخت تنقید

Updated: December 22, 2025, 1:25 PM IST | Iqbal Ansari/Agency | Mumbai

نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے کہا : این سی پی کی ترقیاتی پالیسی پر عوام نے مہر تصدیق ثبت کی۔نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے مطابق یہ ان لوگوں کیلئے جواب ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ شیوسینا صرف ممبئی اور تھانے تک محدود ہے۔ریاستی کانگریس کے صدرہرش وردھن سپکال نےالزام لگایا کہ انتخابات میں حکمراں پارٹیوں کی جیت الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں ہوئی۔

BJP workers celebrate the party`s victory in Nagpur. Picture: PTI
پارٹی کی کامیابی پر ناگپور میں بی جے پی کارکنان جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ریاست میں بلدیاتی انتخابات میں زبردست کامیابی  پر مہایوتی کی پارٹیوں نے جشن منایا ہےتو اپوزیشن پارٹیوں نے اس پر سخت تنقید کی ہے۔
 حکمراں پارٹیوں نے اطمینان کا اظہار کیا
بلدیاتی نتائج پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اطمینان کا اظہار کیا اور پارٹی کارکنوں اور ووٹروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیو سینا نے سب سے زیادہ اسٹرائک ریٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے اور میونسپل کونسلوں اور میونسپل اداروں کے انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی تاریخی رہی  ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف ڈھائی سے تین برسوں کے قلیل عرصے میں مہاراشٹر کے عوام نے ان کی پارٹی کو قبول کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ نتائج ان لوگوں کیلئےزبردست جواب ہیں جو یہ کہتے تھے کہ شیو سینا صرف ممبئی اور تھانے تک محدود ہے۔مہایوتی اتحاد کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد لوک سبھا انتخابات، اسمبلی انتخابات اور اب بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیاب رہا  ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھی مہایوتی اتحاد کا زعفرانی پرچم بلند رہے گا۔
دریں اثناء میونسپل انتخابات کے نتائج پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار  نے کہا ہے کہ این سی پی کو حاصل ہونے والی شاندار کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام نے پارٹی کی ترقیاتی سوچ، ہمہ گیر ترقی اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی پالیسی پر اپنی مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔ ان کے مطابق یہ نتائج اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ریاست  کے عوام حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے مطمئن  ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ عوام نے محض وعدوں پر نہیں بلکہ عملی طور پر کئے گئے کاموں، موثر قیادت اور ٹھوس فیصلوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ریاست کے ہمہ جہتی ترقیاتی ایجنڈے، بالخصوص دیہی اور نیم شہری علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کئے گئے فیصلے ووٹروں کو پسند آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کامیابی مہا یوتی کی اجتماعی کامیابی ہے۔    عوام نے ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے مہا یوتی کو جو زبردست کامیابی دلائی ہے، اس پر این سی پی کی جانب سے وہ تمام عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی پارٹی شیواجی، شاہو، پھلے اور امبیڈکر جیسے عظیم رہنماؤں کی فکر و نظریے کے مطابق کام کرتی رہے گی اور آنجہانی یشونت راؤ چوان کے مہذب اور اصولی سیاست کے ورثے کو آگے بڑھائے گی۔
حزب مخالف پارٹی نے بدعنوانی کا الزام لگایا
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے میونسپل اور میونسپل کونسل انتخابات کے نتائج پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات میں الیکشن کمیشن کا غیر ذمہ دارانہ اور بدنظمی پر مبنی کردار پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ووٹر لسٹ اور انتخابی عمل میں شدید گڑبڑ کی گئی، تاریخ پر تاریخ کا کھیل کھیلا گیا اور مجموعی طور پر یہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے الزام لگایا کہ حکمراں پارٹیوں نے انتخابات کے دوران سام، دام، دنڈ، بھید کی پالیسی کا کھلے عام استعمال کیا۔ جعلی ووٹرس، دباؤ، سرکاری طاقت کا غلط استعمال اور پیسے  کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کیا گیا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ حکمراں پارٹیوں کی جیت میں الیکشن کمیشن کا کردار نہایت اہم رہا اور کمیشن نے عملاً اقتدار کے ہاتھوں میں کھلونا بن کر کام کیا۔ سپکال کے بقول  بی جے پی مہا یوتی حکومت کی کارکردگی سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بدعنوانی اپنے عروج پر ہے، عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے، ایسے میں جو نتائج سامنے آئے ہیں ، وہ عوامی فیصلے کی عکاسی نہیں کرتے۔ ان کے مطابق جمہوریت اور آئین کو پامال کرتے ہوئے کھلی دباؤ کی سیاست کی گئی اور ’پیسہ پھینکو، تماشا دیکھو‘ والا کھیل پورے انتخابی عمل میں نظر آیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہی وجوہات کی بنا پر کانگریس پارٹی کو ان انتخابات میں وہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی جس کی توقع تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK