Inquilab Logo

ایچ ڈی ریونّا ’گرفتار‘ ، بیٹے پرجو َل ریونّا کیخلاف بلیو کارنر نوٹس

Updated: May 05, 2024, 8:25 AM IST | Agency | Bangalore

پیشگی ضمانت کی عرضی مسترد ہونے کے بعد ایس آئی ٹی نے ایچ ڈی ریونّا کو حراست میں لے لیا، پوچھ تاچھ جاری۔ پرجول ریونّا کو جرمنی سے ملک واپس لانے کیلئے سی بی آئی انٹر پول سے بلیو کارنر نوٹس جاری کروائے گی۔

The special investigation team detained HD Revanna from Devegowda`s house. Photo: PTI
خصوصی تفتیشی ٹیم نے ایچ ڈی ریونّا کو دیوےگوڑا کے گھر سے حراست میں لیا۔ تصویر:پی ٹی آئی

جنسی ہراسانی میں ملوث جے ڈی ایس لیڈران  ایچ ڈی ریونّا اور ان کے بیٹےپرجول ریونّا کے خلاف قانون کا شکنجہ کستا جارہا ہے کیوں کہ جہاں ایک طرف اس معاملے کی تفتیش کررہی ایس آئی ٹی نے ایچ ڈی ریونّا کو حراست میں لے لیا ہے وہیں دوسری طرف سی بی آئی نے بیٹے پرجول ریونّا کیخلاف بلیو کارنر نوٹس جاری کرنے کی درخواست انٹر پول سے کی ہے تاکہ اس کی لوکیشن کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکے۔
  ادھر خصو صی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی ایچ ڈی ریونّا کو  جنسی استحصال کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔سینئر ریونّا کو کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں اپنے والد اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ قبل ازیں عدالت نے سینئر ریونّا  کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کر دی تھی۔ اسی کے بعد ایس آئی ٹی نے یہ کارروائی کی ہے۔ خبر لکھے جانے تک ایچ ڈی ریونّا سے ایس آئی ٹی کی ٹیم  پوچھ تاچھ کر رہی تھی  اور امکان ہے کہ انہیں کسی بھی وقت باقاعدہ گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ ان کے وکلاء پولیس اسٹیشن پہنچ گئے تھے لیکن انہیں فی الحال ملنے نہیں دیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ اس اسکینڈل  نے کرناٹک کی سیاست میں ہنگامہ برپا کر رکھا ہے اور اس کی وجہ سے بی جے پی کو سخت خفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ وہ کرناٹک میں جے ڈی ایس کے ساتھ مل کر انتخاب لڑ رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’شہزادہ‘ کے جواب میں’ شہنشاہ‘، پرینکا کی مودی پر شدید تنقید

یاد رہے کہ  ایس آئی ٹی نے سنیچر کو ایک اغوا شدہ خاتون کا پتہ لگایا تھا جو مبینہ طور پر  دیوے گوڑا کے پوتے اور جے ڈی ایس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کے جنسی ویڈیو اسکینڈل کے متاثرین میں سے ایک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون کو میسور ضلع کے کلیناہلی گاؤں میں ریونّا کے ذاتی معاون (پی اے) راج شیکھر کے فارم ہاؤس سے چھڑایا گیا ۔یہ خاتون ۲۹؍اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایس آئی ٹی کے افسران فارم ہاؤس پہنچے تو خاتون وہاں بند تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ راج شیکھر فی الحال مفرور ہے۔ خاتون کو بنگلورلایا جائے گا اور اس معاملے میں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔مغوی خاتون کے بیٹے نے اپنی ماں کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ ریونّا اس معاملے میں اہم ملزم ہے۔ دریں اثنا، اس کے رشتہ دار ستیش بابو کو ایف آئی آر میں دوسرے ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا   جسے پولیس نے جمعہ کو میسور ضلع سے گرفتار کیا ہے ۔
 ادھر سی بی آئی  نے کرناٹک حکومت کی اپیل پرپرجول ریونّا  کے خلاف انٹر پول کے ذریعے  بلیو کارنر نوٹس جاری کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس بارے میں سی بی آئی کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پرجول ریونّا جو اس وقت جرمنی میں سفارتی پاسپورٹ پر روپوش  ہے، کے بارے میں مزید معلومات کے لئے یہ بلیو کارنر نوٹس جاری کروایا جائے گا۔ بلیو کارنر نوٹس کا مطلب یہی ہے کہ سی بی آئی پرجول ریونّا کے خلاف تمام معلومات اکٹھا کررہی ہے ، جرمنی میںان کی لوکیشن ، وہ کہاں کہاں جاتے ہیں، مالی لین دین اور دیگر معلومات ۔عام طور پر بلیو کارنر نوٹس اسی وقت جاری کیا جاتا ہے جب ملزم فرار ہو اور اس کے خلاف تفتیش شروع کی جانے والی ہو یا چارج شیٹ داخل کی جانی والی ہو کیوں کہ اس کے بعد چارج شیٹ اگر داخل ہوجاتی ہے تو پھر انٹر پول بلیو نوٹس کے بجائے ریڈ کارنر نوٹس جاری کردیتی ہے۔عام طور سے اس طرح کے نوٹس جاری ہونے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے کیوں کہ انٹر پول صرف نوٹس جاری کرنے تک محدود رہتی ہے۔ ایسے میں تمام ذمہ داری دونوں ممالک کی ایجنسیوں پر آجاتی ہے۔ اگر دونو ں ممالک کے تعلقات اچھے ہیں تو کارروائی فوری طور پر ہوتی ہے۔ اس معاملے میں ہندوستان اور جرمنی کے تعلقات کافی اچھے اور امید کی جارہی ہے کہ بلیو کارنر نوٹس کے بعد جرمن حکومت اور ایجنسیاں ہندوستانی ایجنسیوں کی مدد کرتے ہوئے پرجول ریونّا کو ہندوستان کے حوالے کرنے میں سرگرمی دکھائیںگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK