رائے دہندگان کی سہولت کیلئےایڈیشنل میونسپل کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ امیدواروں کے نام اور انتخابی نشان الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں ڈالنے کا کام جاری۔
ای وی ایم میں امیدواروں کا نام اور انتخابی نشانی ڈالنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ریاستی الیکشن کمیشن، مہاراشٹر کی ہدایات کے مطابق ووٹروں کو ان کے پولنگ اسٹیشن، پولنگ بوتھ، ووٹر لسٹ نمبر وغیرہ آسانی سے دستیاب کرانے کیلئے سلپ دی جاتی ہے۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی )کی جانب سے جمعہ ۹؍ جنوری سے ووٹر سلپ کی تقسیم کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر (سٹی) ڈاکٹر اشونی جوشی نے ووٹر سلپ پہنچانے کیلئے گھر گھر جا کر اس عمل کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ رائے دہندگان کو ان کے پولنگ سینٹر اور بوتھ تلاش کرنے میں سہولت ہو، اس کے پیش نظر ووٹر انفارمیشن سلپ ممبئی کے ہر اہل ووٹر تک مقررہ مدت کے اندر وقت پر اور درست طریقے سے پہنچنی چاہئیں اور اس کیلئے انتہائی محتاط اور موثر منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔
دریں اثناءبرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) الیکشن سے قبل جمعہ کو پولنگ اہلکاروں کی نگرانی میں پارٹیوں کے امیدواروں کے نام اور انتخابی نشان الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ڈالنے کا کام کیا گیا۔
واضح رہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جمعرات۱۵؍ جنوری ۲۰۲۶ءکو منعقد کیا جائے گا۔ اس پس منظر میں، نام، پتہ، ووٹر لسٹ کا حصہ نمبر، نام اور کمرہ نمبر سمیت ضروری معلومات پر مشتمل ’ووٹر انفارمیشن سلپ‘ کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈاکٹراشونی جوشی نے رائے دہندگان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ افسران سے تال میل بنائیں اور اپنی ووٹر سلپ حاصل کریں۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر کے بقول یہ ووٹرسلپ متعلقہ انتظامی وارڈ کے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران اور ملازمین کے ذریعے ووٹرس میں تقسیم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر اشونی جوشی نے ووٹروں کو ووٹر کی معلوماتی پرچیاں پہنچانے کیلئے گھر گھر جا کر تقسیم کرنے کےعمل کا جائزہ لیا۔ اس میٹنگ میں اسپیشل ڈیوٹی آفیسر (الیکشن) وجے بالموار، جوائنٹ کمشنر (ٹیکس اسیسمنٹ اینڈ کلیکشن) وشواس شنکروار، ڈپٹی کمشنر (سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ) کرن ڈیگھاوکر، اسسٹنٹ کمشنر (ٹیکسیشن اینڈ کلیکشن) گجانن بیلے، انتظامی محکموں کے اسسٹنٹ کمشنر،۲۳؍ ریٹرننگ افسران کے ساتھ سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ اور ٹیکسیشن اینڈ کلیکشن ڈپارٹمنٹ کے افسران موجود تھے۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر اشونی جوشی نے کہا کہ ’’میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں رائے دہندگان کیلئے ووٹنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لئے ووٹر سلپ جن میں ووٹرس کے نام، ان کے سیریل نمبر، وارڈ نمبر، وارڈ کا نام وغیرہ کی تفصیلات ہیں، ووٹنگ سے چند دن پہلے تقسیم کی جاتی ہیں۔ یہ قانونی اقدام رائے دہندگان کے لئےووٹ ڈالنے میں آسانی پیدا کرنے اور ووٹنگ کے مجموعی فیصد کو بڑھانے کے لحاظ سے بہت اہم ہے۔ ووٹر کی معلوماتی پرچیوں کو ان کے گھر پر پہنچانے کا عمل اسسٹنٹ انجینئر، سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سپروائزر اور ٹیکسیشن اینڈ کلیکشن ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا مقصد ممبئی کے ایک کروڑ سے زیادہ ووٹروں تک یہ معلومات پہنچانا ہے۔ ڈاکٹر جوشی نے ہدایت دی ہے کہ انتہائی مفصل، موثر اور سخت منصوبہ بندی کو نافذ کیا جائے تاکہ ووٹر کی معلومات کی پرچی ممبئی کے ہر اہل ووٹر تک مقررہ مدت کے اندر وقت پر اور درست طریقے سے پہنچ جائے۔
ڈاکٹر اشونی جوشی نے ہدایت کی ایڈمنسٹریٹیو وارڈوں کے اسسٹنٹ کمشنر ووٹر انفارمیشن سلپ کی تقسیم کیلئے افسران اور ملازمین کی ذمہ داریوں کا تعین کریں اور انہیں ضروری کام تفویض کریں۔ متعلقہ افسران اور ملازمین سلپ کو وارڈ کی سطح پر تقسیم کریں اور ہر ووٹر کے گھر پہنچانے کیلئے کارروائی کریں۔ ووٹر سلپ دوسرے افراد کو دیئے بغیر ووٹر یا خاندان کے سربراہ کو دی جانی چاہئیں۔ سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے جونیئر سپروائزر، محکمہ کے انسپکٹرکے ساتھ مل کر اور دستیاب ورکروںکی مدد سے، متعلقہ محکمے میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے چیئرمین، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور سماجی و غیر سیاسی تنظیموں کے ذریعے ووٹر کی معلوماتی سلپ کی تقسیم کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ اس پورے عمل کی روزانہ کی رپورٹ الیکشن ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرائی جائے۔ اس کے علاوہ، متعلقہ انتظامی ڈویژن میں سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئر، سپروائزر اور ڈپارٹمنٹ انسپکٹر کو اس تقسیم کے عمل کی موثر نگرانی کرنی چاہئے۔
پولنگ کے دن بی ایل او سے ووٹر سلپ حاصل کریں
ایڈیشنل میونسپل کارپوریشن کمشنرکے بقول اگر کچھ ووٹرس مختلف وجوہات کی بناء پر دستیاب نہیں ہیں تو پولنگ کے دن یعنی۱۵؍جنوری۲۰۲۶ء کو پولنگ اسٹیشن آفیسر( بی ایل او)اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے ذریعے ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرس میں ووٹر سلپ تقسیم کی جائے۔ ان احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کوئی شکایت نہ ہو۔