• Fri, 08 December, 2023
  • EPAPER

بی ایم سی نے شہر و مضافات کے ۱۳؍ بریج کو کمزور قرار دیا

Updated: September 18, 2023, 11:07 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بائیکلہ، کری روڈ اور چنچپوکلی سمیت چند بریج پر ایک وقت میں ۱۶؍ ٹن سے زیادہ وزن نہیں ڈالا جاسکتا۔

The public has been requested not to stay on these bridges for a long time during immersion. Photo: INN
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وسرجن کے دوران زیادہ افراد ایک ساتھ زیادہ دیر تک ان بریج پر نہ ٹھہریں۔ تصویر:آئی این این

بی ایم سی نے ۱۳؍ ریلوے بریج کی فہرست جاری کی ہے جنہیں کمزور پایا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ نے گنیش اتسو کے پیش نظر عوام سے درخواست کی ہے کہ مورتیاں لے جاتے وقت زیادہ لوگ ایک ساتھ زیادہ وقفہ تک ان بریج پر نہ ٹھہریں ۔
 یاد رہے کہ ۲۰۱۸ء میں اندھیری مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے گوپال کرشن گوکھلے بریج کا ایک حصہ حادثاتی طور پر منہدم ہوگیا تھا جس میں ۵؍ افراد کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد ۱۴؍ مارچ ۲۰۱۹ء کو شام تقریباً ساڑھے ۷؍ بجے ہمالیہ بریج اچانک منہدم ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں ۷؍ افراد کی موت ہوگئی تھی جبکہ دیگر ۳۰؍ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ 
اس حادثے کے بعد بی ایم سی نے شہر و مضافات میں واقع ۳۰۰؍ سے زائد بریجوں کا آڈٹ دوبارہ کروایا تھا جن کی رپورٹ میں کئی بریجوں کو کمزور پایا گیا تھا۔ اس کے بعد کمزور پائے گئے کئی بریجوں کو مکمل طور پر منہدم کرکے ان کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تو کئی بریجوں کی مرمت کی جارہی ہے جبکہ ایسے بھی متعدد بریج ہیں جن پر سے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کو بند کردیا گیا ہے تاکہ ان بریجوں پر زیادہ دبائو نہ پڑے۔ کمزور پائے گئے چند بریجوں کی مرمت کا کام بارش کا موسم ختم ہونے کے بعد شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
فی الحال شہر و مضافات میں گنیش اتسو کے پیش نظر گنیش کی بڑی بڑی مورتیاں عوامی منڈپ میں لے جائی جارہی ہیں ۔ مورتیاں لے جاتے وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود ہوتے ہیں اس لئے بی ایم سی کے بریج ڈپارٹمنٹ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ کمزور بریجوں پر زیادہ لوگ زیادہ وقفہ تک ایک وقت میں نہ رکیں ۔ 
شہری انتظامیہ کے مطابق بریج کو نقصان پہنچنے کی صورت میں دیگر افراد کو بھی خطرہ لاحق ہونے کے ساتھ بریج بند ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے جس سے بڑی تعداد میں عوام کو پریشانی ہوسکتی ہے۔
 سینٹرل ریلوے لائن پر جو بریج کمزور پائے گئے ہیں ان میں بائیکلہ ایس بریج، سانے گروجی مارگ آرتھر روڈ) پر چنچپوکلی ریلوے بریج، کری روڈ اور گھاٹ کوپر بریج شامل ہیں ۔ویسٹرن لائن پر مرین لائنس، گرانٹ روڈ اور چرنی روڈ کے درمیان کینیڈی بریج، گرانٹ روڈ اور چرنی روڈ کے درمیان فرینچ بریج، ممبئی سینٹرل اور گرانٹ روڈ کے درمیان فاک لینڈ روڈ بریج، مہالکشمی اسٹیل بریج، پربھا دیوی اور دادر تلک روڈ بریج ہیں ۔جبکہ ہاربر لائن پر سینڈہرسٹ روڈ بریج بھی کمزور پایا گیا ہے۔مذکورہ بریجوں میں بھی بائیکلہ، چنچپوکلی اور کری روڈ کے بریج ایسے ہیں جن پر ایک وقت میں ۱۶؍ ٹن سے زائد بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK