Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر میں غیرقانونی پارکنگ کے مسئلہ کے حل کیلئےبی ایم سی کوشاں

Updated: December 25, 2023, 10:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مہاراشٹرسیکوریٹی گارڈس بورڈ سے ۵۰۰؍اہلکار فراہم کرنے کی درخواست کی ۔مرین ڈرائیو اور چرنی روڈ کے درمیان باندرہ- ورلی سی لنک اور کوسٹل روڈ کو جوڑتے ہوئے ۲؍ سرنگ بنانے پر غور کررہی ہے جس سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی اور جنوبی ممبئی میں ٹریفک کا مسئلہ بھی ختم ہوگا۔

Illegal parking is causing traffic problem which BMC is trying to solve. Photo: INN
غیرقانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ پیش آرہا ہے جسے بی ایم سی حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تصویر : آئی این این

شہر ومضافات میں پارکنگ کے گنجائش نہ ہونے اور غیر قانونی پارکنگ کے مسئلہ کے سبب پولیس اور شہری انتظامیہ کودشواریوں کا سامنا ہے۔ بی ایم سی نے شہرو مضافات کی سڑکوں پر جہاں جا بجا غیر قانونی پارکنگ کرنے والے کے خلاف کارروائی کرنے اور ٹریفک پولیس کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہیں گلی محلوں میں بھی طاق اور جفت اصول کے مطابق پارکنگ نہ کرنے والوں پر کارروائی کرنے اور جرمانہ عائدنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ 
اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بی ایم سی نے مہاراشٹر سیکوریٹی گارڈس بورڈ سے۵۰۰؍ گارڈ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہر خصوصی طور پر جنوبی ممبئی میں ٹریفک کے بڑھتے مسئلہ کو ختم کرنے کے لئے جہاں باندرہ- ورلی سی لنک کے علاوہ کوسٹل روڈ کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ۔ بی ایم سی نے شہر کی ٹریفک کے مسائل کو ختم کرنے کیلئے باندرہ- ورلی سی لنک اور کوسٹل روڈ پروجیکٹ کو جوڑنے والا دو راستہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی ایم سی کے مطابق چرنی روڈ او رمرین لائن سے زیر زمین ایسی دو سرنگ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو نہ صرف ٹریفک کے مسئلہ کو ختم کردے گا بلکہ اس سے شہریوں کا وقت اور ایندھن دونوں کی بچت ہوگی۔ 
بی ایم سی سے موصولہ اطلاع کے مطابق شہر اومضافات میں غیر قانونی پارکنگ کے سبب جہاں ٹریفک کا مسئلہ ہوتا ہے وہیں گاڑیوں کی آمد و رفت میں بھی دقت پیش آتی ہے۔ بی ایم سی نے ٹریفک پولیس میں افرادی قوت کی کمی کے سبب ٹریفک پولیس کی مدد اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے مہاراشٹر گارڈ سیکوریٹی بورڈ سے۵۰۰؍ اہلکار فراہم کرنے کی درخواست دی ہے ۔ بی ایم سی کے مطابق ریاست میں چار پہیہ گاڑیوں کےسالانہ ۴۵؍ لاکھ رجسٹریشن ہوتے ہیں جبکہ دو پہیہ گاڑیوں کی سالانہ تعداد ۲؍ لاکھ ہے۔ بی ایم سی کے مطابق غیر قانونی پارکنگ کے سبب گلی محلوں میں بھی آمد و رفت اور اسکولی بچوں ، بزرگوں اور خواتین کو راستہ چلنا محال ہو تا ہے۔ 
اطلاع کے مطابق گلی محلوں اور نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف بی ایم سی نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ٹریفک کے مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت پر یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس ضمن میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر سدھاکر شندے نے بتایا کہ مہاراشٹر سیکوریٹی گارڈ بورڈ سے رجوع کرکے ۵۰۰؍ اہلکار کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ تمام ۲۴؍ وارڈوں میں انہیں تعینات کیا جاسکے ۔ اس کا ایک مقصد ٹریفک پولیس کی مدد کرنا ہے تو دوسرا مقصد شہر کی سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ کے مسئلہ کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر سیکوریٹی گارڈ بورڈ کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے گارڈز کلین اپ مارشل ہی کی طرح کام کریں گے۔ یعنی نوپارکنگ زون میں گاڑی پارک کرنے والوں کے خلاف نہ صرف کارروائی کی جائے گی بلکہ جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK