Inquilab Logo Happiest Places to Work

مختلف قسم کی شکایتوں کیلئے بی ایم سی نے نیا ایپ لانچ کیا

Updated: June 17, 2026, 9:58 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

’مائی بی ایم سی مائی ایپ‘ پر سڑکوں پر گڑھوں، کچرے اور گٹرسے متعلق ۱۱۴ ؍شکایتیں کی جاسکیں گی۔

Pothole.Photo:INN
گڑھے۔ تصویر:آئی این این
 بی ایم سی نے `’مائی بی ایم سی مائی مارگ‘ نام کا ایک ایپ لانچ کیا ہے جس پر عوام سڑکوں پر گڑھوں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، گٹر کے مسائل، پانی کی فراہمی، سڑک کی دیکھ بھال، باغات، صحت عامہ، پیسٹ کنٹرول، تجاوزات اوربجلی سپلائی سے متعلق جیسے کل ۱۱۴ ؍ قسم کی شکایات درج کرسکیں گے۔ اب تک مختلف شکایت کیلئے مختلف ایپ یا ذرائع تھے لیکن اس نئے ایپ پر ایک ہی جگہ شکایت کی جاسکے گی۔ مانسون میں سڑکوں پر اکثر اوقات گڑھے پڑجاتے ہیں۔ اس تناظر میں شہریوں کو اس تعلق سے شکایتیں کرنے اور ان شکایات کا جلد نوٹس لے کر ان پر فوری کارروائی کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت گزشتہ برس موبائیل ایپلیکیشن ’پاٹ ہول کویک فکس‘ (Pothole QuickFix) متعارف کرایا تھا۔ اس پر شہری گڑھوں کی معلومات، تفصیلات، تصاویر اور سڑکوں پر گڑھوں کی جگہ کے ساتھ شکایات درج کر سکتے ہیں۔ اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے اچھا رد عمل ملا تھا اور عوام نے اس پر ہزاروں شکایتیں کی تھیں۔ البتہ اس دوران یہ بات مشاہدے میں آئی کہ شہریوں کو میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں سے متعلق شکایات کے لئے الگ الگ سسٹم استعمال کرنا پڑتا ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، بی ایم سی نے شہریوں کو مزید جامع اور آسان خدمات فراہم کرنے کے لئے اس سال سے ایک جامع نظام ’مائی بی ایم سی مائی مارگ‘ شروع کیا ہے اور موبائل ایپلیکیشن ’پاٹ ہول کویک فکس‘ کو اس نئے سسٹم میں ضم کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت، میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں بشمول گڑھے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، گٹروں کے مسائل، پانی کی فراہمی، سڑک کی دیکھ بھال، باغات، صحت عامہ، پیسٹ کنٹرول، تجاوزات اور بجلی سپلائی سے متعلق کل ۱۱۴ ؍قسم کی شکایات درج کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
 
 
اس سسٹم میں شہریوں کیلئے ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف محکموں کی شکایت دینا، متعلقہ تصاویر اپ لوڈ کرنا، شکایت کی موجودہ صورتحال معلوم کرنا، شکایت کے تعلق سے کئے گئے اقدام کا پتہ لگانا اور شکایت حل ہوجانے کی تصدیق کرنا ممکن ہوسکے گا۔ 
 
 
بی ایم سی کے مطابق اس ایپ کے ذریعہ شکایت کے اندراج کے عمل کو آسان، شفاف اور موثر بنا دیا گیا ہے اور شہریوں کو شکایات کے ازالے کے لئے ایک واحد جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔ یہ ایپ اینڈرائڈ فون پر گوگل پلے سے اور آئی فون پر ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK