ٹی ایم سی اسکولوں کا نتیجہ۹۸ء۹۱؍فیصد رہا ،بی ایم سی کی ۸۹؍اسکولوں کے نتائج ۱۰۰؍فیصد رہے،ورلی کے اسکول کی طالبہ اکشرا اجے ورما نےٹاپ کیا۔
EPAPER
Updated: May 15, 2025, 4:37 PM IST | Saadat Khan/Iqbal Ansari | Mumbai
ٹی ایم سی اسکولوں کا نتیجہ۹۸ء۹۱؍فیصد رہا ،بی ایم سی کی ۸۹؍اسکولوں کے نتائج ۱۰۰؍فیصد رہے،ورلی کے اسکول کی طالبہ اکشرا اجے ورما نےٹاپ کیا۔
فروری /مارچ ۲۰۲۵ء میں منعقدہ ایس ایس سی امتحان میں بی ایم سی کے ۲۴۷؍ سیکنڈری اسکولوںسے کل ۱۴؍ہزار ۹۶۶؍ طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے ۱۳؍ ہزار ۹۰۷؍ طلبہ پاس ہوئے۔اوسط نتیجہ ۹۲ء۹۲؍فیصد رہا، ۸۹؍ اسکولوں کا رزلٹ ۱۰۰؍ فیصد اور ۱۱۸؍ طلبہ نے ۹۰؍ فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے۔اسی طرح تھانے میونسپل اسکولوں کا نتیجہ ۹۸ء۹۱؍ فیصد رہا۔ ورلی سی فیس میونسپل کارپوریشن سیکنڈری اسکول کی طالبہ اکشرا اجے ورما نے ۸۰ء۹۶؍فیصد مارکس حاصل کرکے سبھی بی ایم سی اسکولوںمیں اوّل پوزیشن سے کامیاب ہونےکا اعزاز حاصل کیا ۔ گجدھر پارک مانک جی سیکنڈری اسکول کی طالبہ نندنی شگن لال یادو نے۲۰ء۹۶؍فیصد نمبرات سے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ گنڈولی ممبئی پبلک سیکنڈری ہائی اسکول کی طالبہ سیجل شیر بہادر یادو ۶۰ء۹۵؍فیصد مارکس سے تیسری پوزیشن پر رہی۔ امسال ۱۱۸؍ طلبہ نے ۹۰؍ فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے۔
واضح رہے کہ دسویں کے امتحان کیلئے میونسپل کارپوریشن نے اپنا `مشن میرٹ پریکٹس بکلیٹ بنایا ہے۔ جس کے ذریعے طلبہ کو زیادہ نمبر حاصل کرنے میں مدد کی جاتی ہے۔ طلبہ کو مشق کرنے کیلئے، تعلیمی بورڈ کی طرز پر اسکول کی سطح پر ۱۰؍ پریکٹس سوالیہ پرچے حل کئےجاتے ہیں۔ تمام افسران اسکولوں کو گود لے کر رہنمائی کر رہے ہیں ۔ اس دوران ممبئی پبلک اسکول پونم نگر، سی بی ایس ای بورڈ کا ایک اسکول ہے جسےبی ایم سی نے سال ۲۱۔۲۰۲۰ء میں کے ایسٹ وارڈ (اندھیری) میں شروع کیا تھا۔ اس اسکول میں نصاب سی بی ایس ای بورڈ کے ضوابط کے مطابق پڑھایاجا رہا ہے۔امسال یہاںکے ۳۸؍ طلبہ نے دسویں کےامتحان میں حصہ لیاجن میں سے ۱۳؍ طلبہ نے ۸۰؍فیصد سے زائد نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔ مصباح فاروقی نامی طالبہ نے ۹۱؍فیصد نمبرات سے اسکول میں ٹاپ کیا۔ دریں اثناء بدھ کو ایس ایس سی امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کرنےوالے طلبہ کوبی ایم سی کی ہیڈ آفس میں مدعو کرکے ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر امیت سینی نے مبارکباد پیش کی، انہیں گلدستہ پیش کیا گیا اور ان کے مستقبل کے تعلیمی سفر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس دوران تھانے میونسپل کارپوریشن کے ۲۳؍ سیکنڈری اسکولوں کا مجموعی رزلٹ ۹۸ء۹۱؍ فیصد رہا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں۱۴ء۸؍ فیصد زیادہ ہے۔اردو میونسپل اسکولوں کا نتیجہ ۷۸ء۹۸؍ فیصد رہا جبکہ مراٹھی اسکولوںکار زلٹ۷۶ء۸۰؍ فیصد رہا۔