Inquilab Logo

ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کےعلاج کیلئےبی ایم سی کمر بستہ

Updated: April 07, 2024, 12:01 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۱۴؍ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کیلئے کولڈ روم بیڈ اور ادویات دستیاب کرائی گئیں ، ۱۰۳؍ آپلادواخانوں میں ایئرکنڈیشن لگائے گئے۔

Citizens are using umbrellas and caps to avoid the hot sun. Photo: Syed Sameer Abidi
تیز دھوپ سے بچنے کیلئے شہری چھتری اور ٹوپی کا استعمال کر رہے ہیں۔ تصویر:سید سمیرعابدی

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے گرمی کے موسم اور بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک سے بچنے اور اس کی روک تھام کیلئے رہنما خطوط جاری کئےہیں۔ بی ایم سی کے بڑے اور جنرل اسپتالوں کےعلاوہ میڈیکل کالج اینڈ  ہاسپیٹلز نے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے علاج کیلئے سہولیات  فراہم کی ہیں۔۱۴؍ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کیلئے کولڈ روم بیڈ اور ادویات دستیاب کرائی گئی ہیںاور ۱۰۳؍ آپلادواخانوں میں بھی ایئرکنڈیشن لگائے گئے ہیں،ساتھ ہی اسپتال کے میڈیکل افسران اور عملے کو ہیٹ اسٹروک کے کنٹرول اور بچاؤ کے رہنما خطوط پر تربیت دی جارہی ہے۔
واضح رہےکہ موسم گرمامیں اپریل اور مئی کے مہینے نسبتاً زیادہ گرم ہوتے ہیں۔ اس لئے لوگ، خصوصاً بچے، ضعیف اور گھر سے باہر کام کرنے والے افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوتے ہیں۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹردکشاشاہ کےمطابق ہیٹ اسٹروک کی صورت میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں عوامی بیداری پیداکرنےکیلئے مختلف ذرائع سے عوام کو معلومات دی جار ہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دیونار مذبح میں کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کی سہولت سے کام کاج میں بہتری

کولڈ روم اور اسپتال کے بستروں کا انتظام
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کےجنرل اور میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی سہولت کیلئے ۱۴؍ اسپتالوں میں کولڈ روم کے ساتھ ۲؍ بستروں اور ضروری ادویات کا انتظام کیا گیا ہے۔ باقی اسپتالوں میں ایئر کنڈیشن اورکولر کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ۱۰۳؍ آپلا دواخانوں میں بھی ایئرکنڈیشن سسٹم دستیاب ہے۔
افسران اور عملے کی تربیت
 میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں اور کلینکوں کے میڈیکل افسران اور عملے کو ہیٹ اسٹروک کے کنٹرول کے رہنما خطوط پر تربیت دی جارہی ہے۔ ہیٹ اسٹروک کے اقدامات، علاج اور دیکھ بھال کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ 
ہیٹ اسٹروک سے ہونےوالی بیماریوں کی علامات 
 بالغوں میں: شدید سر درد، متلی، الٹی، بے چینی اور چکر آنا، دل کی دھڑکن میں اضافہ ہوناہے۔
بچوں میں:کھانے سے منع کرنا، چڑچڑاپن، پیشاب بننے میں کمی آنا، خشک آنکھیں اور منہ میں خشکی کا احساس ہونا ہے۔
 ہیٹ اسٹروک سے بچنے کی تدابیر
 سر پر ٹوپی، رومال یا چھتری کا استعمال کیا جائے۔
 ترجیحی طور پر دوپہر ۱۲؍ سے شام ۴؍بجے تک گھر کے اندر رہنا چاہئے، باہر کا کام صبح ۱۰؍ بجے تک یا شام۴؍ بجے کے بعد کرنا چاہئے۔
 سفید، ہلکے رنگ کے، ڈھیلے کپڑے پہنیں، سر پر ٹوپی پہنیں۔ براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں۔
 زیادہ پانی پئیں، چھاچھ، لیموں پانی اور ناریل کا پانی پئیں۔ 
یہ مت کرو
دھوپ میں جسمانی طور پر سخت کام کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
 ۱۲؍بجے سے شام ۴؍بجے کے درمیان گھر سے باہر نہ نکلیں۔
 دھوپ میں چپل پہنے بغیر ننگے پاؤں نہ چلیں۔
چھوٹے بچوں اور پالتو جانوروں کے ساتھ موٹرگاڑی کو اندر سے بند نہ کریں۔
 گرم مشروبات جیسے چائے، کافی وغیرہ سے پرہیز کریں۔
 دوپہر کے وقت گیس یا چولہے کے سامنے کھانا پکانے سے گریز کریں۔
ہیٹ اسٹروک کی صورت میں ابتدائی طبی امداد
مریض سے کہیں کہ وہ تکیہ یا اس جیسی کوئی چیز ٹانگ کے نیچے رکھ کر لیٹ جائے۔
متاثرہ شخص کو فوراً گھر کے اندر/سائے میں لے آئیں۔
• اگر بچہ جاگ رہا ہو تو ٹھنڈے پانی کے بار بار گھونٹ دیں۔
پنکھے کو وینٹیلیشن کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔
• ٹھنڈے پانی کے پیڈ استعمال کئےجائیں۔
اگر تنگ ہو تو کپڑے ڈھیلے کریں۔
• ہیٹ اسٹروک محسوس ہونے پر میونسپل یا قریبی اسپتال سے رابطہ کریں یا فیملی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے عوام سے ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے درج بالا اقدامات اور رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK