Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھائی نے جگر کا عطیہ دے کربیمار بہن کی جان بچائی

Updated: August 09, 2025, 4:04 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

گجرات سے تعلق رکھنے والے بھائی بہن کا آپریشن ملنڈ کے فورٹس اسپتال میں کیا گیا۔

Anas feeding sweets to his sister Humaira while doctors are also seen. Photo: INN
انس اپنی بہن حمیرہ کو مٹھائی کھلاتے ہوئے جبکہ ڈاکٹرس بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

گجرات کے پالن پور میں مقیم انس نے اپنی بہن حمیرہ کو جگر کا جزوی حصہ عطیہ کرکے اس کی جان بچائی۔ یہ آپریشن گزشتہ ماہ ملنڈ کے فورٹس اسپتال میں کیا گیا تھا جو کامیاب رہا۔ حمیرہ ولسنس بیماری کا شکار ہے جس میں جگر بری طرح متاثر ہوتا ہے۔  
 اس گھر کے لوگوں کی ولسنس بیماری کے تعلق سے پریشانی اس وقت شروع ہوئی جب ۲۰۱۷ء میں ان کے سب سے بڑے بھائی اویس کو ولسنس بیماری میں مبتلا پایا گیا۔ اس بیماری میں انسان کے جسم سے تانبے کا ضروری مقدار میں اخراج نہیں ہوپاتا اور جگر بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ اگر اس بیماری کا بروقت اور صحیح علاج نہ کیا جائے تو مریض کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اگرچہ اس بیماری کا کوئی حتمی علاج نہیں ہے اور عمر بھر دوائیاں جاری رہتی ہیں۔ عام طور پر یہ بیماری ان میں زیادہ پائی جاتی ہے جن کے آباواجداد میں کسی کو یہ بیماری رہی ہو۔ اس لئے جب اویس کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا تو ڈاکٹروں نے تمام بھائی بہنوں کی طبی جانچ کا مشورہ دیا جس میں تصدیق ہوئی کہ حمیرہ بھی اس بیماری میں مبتلا ہے۔  اس کی بیماری بڑھتی گئی اور نوبت یہاں تک آپہنچی کہ ڈاکٹروں نے ’لیور ٹرانسپلانٹ‘ کو لازمی قرار دے دیا۔  
  عطیہ کرنے والوں کی تلاش کے دوران رشتہ داروں کی طبی جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ حمیرہ کیلئے ان کے بھائی انس کا جگر   موزوں ہے۔ یہ بات پتہ چلتے ہی انس نے ایک لمحہ کی بھی تاخیر کئے بغیر اس کیلئےرضامندی ظاہر کردی  ۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ میری بہن ہے اور اسے بچانے کیلئے مجھے سوچنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔‘‘  ڈائریکٹر اور چیف سرجن ڈاکٹر وکرم رائوت نے ملنڈ کے فورٹس اسپتال میں یہ سرجری   ۹؍ جولائی  کو انجام دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK