Inquilab Logo

گورنر کے خطاب سے مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز

Updated: February 28, 2023, 3:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بتیس منٹ کے خطاب میں ۵۷؍ مرتبہ ’میری سرکار‘ کہتے ہوئے حکومت کی اسکیموں کو پیش کیا اورکامیابیاں گنوائیں ،اجیت پوار کا اہم مسائل کے تعلق سے حکومت پر غیر سنجیدگی کاالزام

Governor Ramesh Bais, Minister Alia Eknath Shinde, Speaker Rahul Narvekar and others on the occasion of their arrival in the Assembly. (PTI)
گورنر رمیش بیس ،وزیر ا علیٰ ایکناتھ شندے، اسپیکر راہل نارویکر اور دیگر اسمبلی میں آمد کے موقع پر۔(پی ٹی آئی )

گورنر رمیش بیس کے خطاب کے ساتھ پیر ۲۷؍ فروری کو  مہاراشٹرقانون ساز اسمبلی  کے بجٹ اجلاس کا آغاز  ہوا۔ گورنر نے اپنے خطاب میں ’ میری سرکار‘ کہتے ہوئے حکومت کی کئی اسکیموں کو پیش کیا اور حکومت کی کامیابیوں کو سراہا۔ گورنر نے۳۲؍ منٹ  تک خطاب کیا اور اس دوران انہوں نے ۵۷؍ مرتبہ ’میری سرکار‘ کہا۔ انہوں نے وزیر اعظم  کے ۲۷۔۲۰۲۶ء تک ہندوستان کو ۵؍ ٹریلین  ڈالر اکنامی بنانے کیلئے مہاراشٹر کو ایک ٹریلین ڈالر بنانے کا بھی عزم کیا۔ 
 گورنرنے بتایاکہ چونکہ ملک آزادی کی ۷۵؍ سالہ جشن منا رہا ہے اسی مناسبت سے ریاست نے سرکاری محکموں میں ۷۵؍ہزار عہدوں کیلئے بھرتی کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔انہوںنے کہا ’’میری حکومت رواں مالی سال میں ۴۵؍ کمپنیوں کے تعاون سے ۶۰۰؍ روزگار میلے کے ذریعے ایک ۲۵؍ہزار نوکریاں دے رہی ہے۔اسی طرح ۲۴؍  پروجیکٹوں میں ۸۷؍ ہزار ۷۷۴؍ کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس سے ۶۱؍ ہزار ملازمتیں  ملیں گی۔‘‘
وڈالا تا سی ایس ایم ٹی میٹرو ۱۱؍ تعمیر کرنے کااعلان 
 گورنر  نے اپنے خطاب میںکہا ’’ میری سرکارشہریوں  کےذرائع آمد ور فت کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ اسی کے تحت سرکار  نے  وڈالا تا چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) تک ۱۳؍ کلو میٹر میٹرو۔۱۱؍ ٹرین چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔اس میٹرو لائن میں ۲؍ ایلیوٹیڈ اور ۸؍ زیر زمین ریلوے اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ۔‘‘
   گتی شکتی  پروجیکٹ کے بارے میں گورنر نے بتایا’’ اس کے تحت سرکار نے تین شہر وں میں میٹرو لائن کا کام شروع کیا ہے۔ ان میں شہروں میں ممبئی ( ۳۰؍ کلو میٹر) ، پونے (۴۰؍ کلو میٹر) اور پونے (۳۲؍ کلو میٹر) شامل ہیں۔‘‘
 گورنر رمیش بیس نے کہا کہ شہریوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ممبئی میں ’ہندو ہردے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ‘ شروع کیا گیا ہے۔ مارچ ۲۰۲۳ء تک ان کی تعداد ۷۲؍ سے بڑھ کر ۱۲۳؍ ہو جائے گی ۔ اس کے علاوہ ۱۸؍ نئے پالی کلینک اور ڈائیگنوسٹک سینٹر بھی شروع کئے جائیں گے ۔گورنے کہا کہ میری سرکار ورسوا باندرہ سی لنک پروجیکٹ پورا کرنے کی بھی پابند ہے۔ حکومت نے ۳۶؍ اضلاع میں کرائے پر ۷۲؍سرکاری ہاسٹل شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔اس کےعلاوہ بیلاپور( نوی ممبئی ) میں نئی فیملی کورٹ شروع کرنے کو منظوری دی ہے۔ گورنر نے دیگر اسکیموں کو بھی سراہا۔
اپوزیشن اراکین خاموشی سے ایوان میں داخل ہوئے
 قانون ساز اسمبلی کا  بجٹ اجلاس پیر سے شروع ہوا او رپہلی مرتبہ جلاس کی کارروائی شروع کرنے سے قبل ’’ جے جے مہاراشٹر  ماجھا‘‘ مراٹھی گیت گایا گیا۔ توقع کی جارہی  تھی کہ  اپوزیشن  پارٹیوں کے لیڈروں کی جانب سے ودھان  بھون کی سیڑھیوں پر مظاہرے کے ساتھ بجٹ اجلاس کا آغاز ہو گا لیکن ایسا نہیں ہوا اور  اپوزیشن  اراکین خاموشی سے ایوان میں داخل ہو گئے۔ البتہ اسمبلی کی کارروائی شروع ہوتے ہی  اپوزیشن لیڈر  اجیت پوار نے پوائنٹ آف پروسیجر کے تحت    اسپیکر کو بتایا کہ حکومت اسمبلی اجلاس میں اٹھائے گئے اراکین اسمبلی کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ۔
یقین دہانی کے بعدبھی میٹنگ نہیں ہوئی : اجیت پوار
 اجیت پوار نے کہا کہ ’’ ناگپور میں منعقد ہ گزشتہ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اوردیگر  پارٹیوں کے لیڈروں کی جانب سے متعدد  مسائل  اٹھائے گئے تھے جن پر متعلقہ  وزراء نے میٹنگ  کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن  اسے یہ میٹنگیں نہیں لی گئیں۔ ‘‘انہوںنے کہا کہ ’’قانون ساز ایوان کے قواعد، رسم و رواج اور روایات کی صحیح طریقے سے پیروی نہیں کی جاتی ۔ قوانین کو پامال کرنے کے طریقے بڑھ گئے ہیں ۔ حالیہ دنوں میں بہت  سی رسوم، روایات اور قواعد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔‘‘
  اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’’ اراکین اسمبلی کو دیئے گئے مختلف اختیارات کے تحت جب وہ  حکومت کو کوئی سوال بھیجتے ہیں تو انہیں قبول یا مسترد ہونے کی معلومات اراکین کو نہیں  د ی جاتی جبکہ  پہلے دی جاتی تھی۔  اس کے علاوہ  تمام اراکین کو  ایوان میں پیش ہونے والی تجاویز کی فہرست نہیں دی جاتی، یہ بھی معلومات دی جائے۔ یہ معلومات محکموں کی جانب سے رات بارہ بجے کے بعد ویب سائٹ پر’’ `آرڈر آف دی ڈے ‘‘ کے تحت اپ لوڈ کی جاتی ہے۔
 اجیت پوار نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ممبران اور وزراء کو اگلے دن کے کام کے بارے میںرات ۱۰؍ بجے تک معلومات دی جائے جیسے کہ پہلے دی جاتی تھی۔ اراکین کو یہ جاننے کا آئینی حق حاصل ہے کہ قانون ساز سیکریٹری کی جانب سے منظوری کیلئے ہمارے پاس بھیجنے کے بعد تجویز کو قبول کیا گیا ہے یا مسترد کر دیا گیا ہے انور مسترد کرنے کی وجہ کیا تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس دن متعلقہ محکموں کے مطالبات ووٹنگ کے ورکنگ پیپر میں دکھائے جائیں، اسی دن صدر کی طرف سے منظور شدہ یا منسوخ  شدہ تجاویز کی فہرست تمام ممبران کو بذریعہ ڈاک موصول ہو جائے لیکن ممبران کو کوئی اطلاع دیے بغیر مسترد کردہ تجویز کے نوٹس کی فہرست  متعلقہ افسران کی جانب سے بھیجنا بند کر دیا گیا ہے۔‘‘
راہل نارویکر نے میٹنگ طلب کرنے کایقین دلایا 
 اپوزیشن کے ان سوالات پر  نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’  گزشتہ کچھ برسوں میں تو اسمبلی کا اجلاس ہی منعقد نہیں کیا جارہا تھا لیکن اب یہ برابر منعقد کیا جارہا ہےالبتہ آہستہ آہستہ سبھی کام کوروناسے قبل کی طرح کئے جائیں گے ۔ان مسائل کو سننے کے بعد  اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے اپوزیشن  لیڈر ،وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ  کے ساتھ میٹنگ طلب کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK