زمین گھوٹالے پرکانگریس لیڈ رپروین پاٹھک کا طنز ،انہوں نے کہاکہ ہم نے تو سنا تھاکہ لیڈروں کو زمین سے جڑاہونا چاہئے۔
موہن یادو۔ تصویر:آئی این این
مدھیہ پردیش میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی پروین پاٹھک نے ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی، وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو پر شدید حملہ کرتے ہوئے ریاست میں مبینہ بدعنوانی، زمین گھوٹالوں اور رام مندر چندہ چوری کے معاملے پر حکومت کونشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ۲؍ دہائیوں میں بی جے پی کی حکومتوں نے مدھیہ پردیش کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو پر مبینہ زمین گھوٹالے کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے پروین پاٹھک نے کہا کہ ان الزامات کو سامنے آئے۱۰؍ دن گزر چکے ہیں لیکن بی جے پی کی پوری اعلیٰ قیادت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’سب نے یہ تو سنا تھا کہ ایک لیڈر کو زمین سے جڑا ہونا چاہیے، لیکن بی جے پی کے لوگوں نے اس کا مطلب کچھ اور ہی سمجھ لیا۔ موہن یادو عوامی مسائل سے تو نہیں جڑے، البتہ کئی ’زمینوں‘ سے ضرور جڑ گئے۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ اور پورا سرکاری نظام اس زمین گھوٹالے پر خاموش ہے، اسی لیے مدھیہ پردیش کانگریس نے ریاست گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رام مندر سے متعلق حالیہ تنازع پر پروین پاٹھک نے کہا کہ پہلے یہ سنا جاتا تھا کہ سیاسی پارٹیاں چندے سے چلتی ہیں، لیکن پہلی مرتبہ دیکھا گیا کہ ایک سیاسی پارٹی نے چندہ ہی کھا لیا۔ جو لوگ ’رام راج‘ کی بات کرتے تھے، وہی رام مندر کا چندہ کھا گئے، اور جو خود کو رام کا سب سے بڑا علمبردار کہتے تھے، وہ آج چندہ چوری پر مکمل خاموش ہیں۔