اس کامقصد ممبئی کے ٹیکسٹائل کے بھرپور ورثے کا تحفظ اور ثقافتی احیاء کو برقرار رکھنا ہے۔
EPAPER
Updated: February 16, 2026, 4:47 PM IST | Mumbai
اس کامقصد ممبئی کے ٹیکسٹائل کے بھرپور ورثے کا تحفظ اور ثقافتی احیاء کو برقرار رکھنا ہے۔
بائیکلہ کے تاریخی انڈیا یونائیٹڈ مل کی جگہ پر ایک جدید ترین ٹیکسٹائل، کرافٹ اور کلچرل میوزیم کوقائم کرنےکےمنصوبے پر جلد عمل کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی ہدایت کے تحت تیار کیا گیا یہ پروجیکٹ جلد ہی حقیقی صورت اختیارکرے گا۔ اس تعلق سے ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔اس شاندار پروجیکٹ کامقصد ممبئی کے ٹیکسٹائل کے بھرپور ورثے کا تحفظ اور ثقافتی احیاء کو برقرار رکھنا ہے۔ اس پروجیکٹ پرممبئی میونسپل کارپوریشن، نیشنل ٹیکسٹائل کارپوریشن (این ٹی سی) اور جندال ساؤتھ ویسٹ (جے ایس ڈبلیو) فاؤنڈیشن کے تعاون سے عمل کیا جا رہا ہے۔ تقریباً ۴؍ ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے اس مل کے احاطے کو عالمی معیار کے ثقافتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں کثیر المقاصد اور جدید سہولیات ،جیسے پرکشش گیلریاں، آرٹ اسٹوڈیوز، کھلی فضا میں مجسمہ سازی، باغات، ریسٹورنٹ، کیفے، ورکشاپس اور تقریبات کیلئے علاحدہ مقامات شامل ہوں گے۔ مل کی اس جگہ کو شاندار میوزیم کے طور پر تیار کیا جائے گا جس میں پرانی مل کے تاریخی صنعتی ورثے کو محفوظ کیا جائے گا اور اسے جدید ثقافتی ماحول سے جوڑ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: مالونی گائیکواڑ نگر میں آج سے بایو میٹرک سروے، مکینوں میںتذبذب
اس پروجیکٹ کا پورا کام جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن غیر منافع بخش بنیادوں پر انجام دے رہا ہے اور میوزیم سے حاصل ہونے والی آمدنی دیکھ بھال اور عوامی کاموں کیلئے استعمال کی جائے گی۔یہ پروجیکٹ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ذریعہ پیش کردہ شہری ورثہ کے تحفظ اور ثقافتی احیاء کے وژن کی حمایت کرتا ہے۔ جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن نے وضاحت کی ہے کہ اس پروجیکٹ کو مزید تیزی سے کرنےکیلئےوزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ہدایت دی ہے کہ اس پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مقررہ وقت میں کی جانی چاہئے۔