متعدد جگہ بورڈ آویزاں ، سروے سے متعلق بیشتر کو کوئی علم نہیں۔یہ وضاحت بھی نہیں کی گئی ہے کہ سروے کا مقصد کیا ہے؟ میٹنگ میںرمضان المبارک کے بعد سروے کرنے کی سفارش۔
EPAPER
Updated: February 16, 2026, 4:46 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
متعدد جگہ بورڈ آویزاں ، سروے سے متعلق بیشتر کو کوئی علم نہیں۔یہ وضاحت بھی نہیں کی گئی ہے کہ سروے کا مقصد کیا ہے؟ میٹنگ میںرمضان المبارک کے بعد سروے کرنے کی سفارش۔
مالونی گائیکواڑ نگر گیٹ نمبر۸؍ میں آج (پیر) صبح۹؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک بایو میٹرک سروے کا مہاڈا کی جانب سے بورڈ لگایا گیا ہے، اس پر مکین حیران ہیں۔ یہاں ڈھائی ہزار سے زائد مکانات ہیں۔
مہاڈا کے نوٹس میں دیگر تفصیلات کے ساتھ آدھار کارڈ اور دیگر کاغذات وغیرہ کے ساتھ گھر پر موجود رہنے اور سروے میں تعاون کی مکینوں سے اپیل کی گئی ہے مگر اس سروے کے تعلق سے بیشتر مکین لاعلم ہیں، انہیں یہ پتہ نہیں کہ اس کا مقصد کیا ہے اور مہاڈا کی جانب سے کیا پلاننگ کی گئی ہے ، نہ ہی بورڈ میں ایسی کوئی وضاحت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان اسٹیشن کے باہر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے سبب زبردست دشواری
یاد رہے کہ اس سے قبل۱۳؍ دسمبر۲۰۲۵ءکو سرمائی اجلاس کے دوران ناگپور میں مالونی کے ری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کی سربراہی میں ایک میٹنگ کی گئی تھی۔ اس میں سروے کرتے ہوئے کام تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت دی گئی تھی مگر وہ محض گائیکواڈ نگر نہیں پوری مالونی جس میں کلکٹر، مہاڈا، بی ایم سی اور پرائیویٹ پراپرٹی کی مجموعی طور پر۶۴۰؍ ایکڑ زمینات ہیں، سب کے سروے کی بات کہی گئی تھی لیکن تاریخ وغیرہ نہیں بتائی گئی تھی۔ اسے ممبئی کے کلسٹر ڈیولپمنٹ کا حصہ بھی بتایا گیا تھا۔اب پھر بورڈ آویزاں کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے مکینوں میں تذبذب پایا جارہا ہے کہ آخر سروے کا مقصد کیا ہے۔نمائندہ ٔانقلاب نے اس تعلق سے کچھ ذمہ داران اور مقامی افراد سے بات چیت کی۔
اس سلسلے میںعبدالرحمٰن خان نے بتایا کہ یہ بورڈ کلاودیالیہ کی گلی ، گائیکواڈ نگر اور دیگر حصوں میں لگایا گیا ہے مگر اس بورڈ میں کچھ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے، اس لئے آسانی سے یقین کرنا بھی مشکل ہورہا ہے کہ واقعی مہاڈا نے ہی لگایا ہے یا شرارت ہے یا پھر زمین مافیا کچھ گیم کررہے ہیں۔پہلے واضح کیا جائے اور سروے کا مقصد بتایا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: رمضان کیلئے انتظامیہ متحرک، میونسپل کارپوریشن کا جامع انتظام کا دعویٰ
ایک دوسرے مکین رام جی یادو کا کہنا تھا کہ سروے کا بورڈ دیکھ کر سبھی حیران ہیں۔ پہلے پلان بتایا جائے، مہاڈا کا کیا منصوبہ ہے ؟ اسے واضح کیا جائے، لوگوں کو اعتماد میں لئےبغیر ہرگز کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔ دوسرے یہ کہ کسی بھی کام کے پہلے مہاڈا سروے یا کاغذات جمع کرانے کا مقصد بتائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر واضح بورڈ پر آسانی سے یقین کرنا مشکل ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ اگر یہ کسی کی شرارت ہے تو اس کا بھی پتہ لگانا ضروری ہے۔
ایک اور ذمہ دار عبد العظیم انصاری کا کہنا تھا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ اچانک بینر لگاکر بایو میٹرک سروے کا اعلان کردیا جائے۔ لوگوں کے کیا مسائل ہیں، کوئی روزی روٹی کے لئے کام پر جائے گا تو کسی کے لئے کاغذ کی درستی کا مسئلہ ہوسکتا ہے تو کوئی اور پریشانی کا شکار ہوسکتا ہے۔ اس لئے بھی کہ یہ سرپر چھت اور بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ اس لئے پہلے مکمل وضاحت کی جائے پھر سروے یا کوئی دوسرا کام کیا جائے۔ اسی طرح کی رائے دیگر مکینوں اور ذمہ داران کی بھی ہے۔
گائیکواڑ نگر سیوا سنگھ کے کارکنان نے اسی تعلق سے اتوار کی دوپہر کو میٹنگ کی۔ باہم بات چیت میں یہ طے کیا گیا کہ مہاڈا سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ابھی ایسا کوئی سروے نہ کیا جائے، رمضان کے بعد یہ سروے کرایا جائے کیونکہ ضروری کاغذات مہیا کرانے یا دیگر معاملات میں رمضان المبارک میں بھاگ دوڑ کرنے میں مکینوں کو پریشانی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رمضان کیلئے دھاراوی میں شاندار عارضی مسجد تعمیر
شرکاء میٹنگ کے رابطہ قائم کرنے پر مقامی ایم ایل اے اسلم شیخ کے دفتر میں بھی پیر کی صبح اس تعلق سے بات چیت کی جائے گی۔
کمیٹی کی میٹنگ میں محمد قاسم (کرن سندھی،) فیروز شیخ، محمد صادق شاہ، فریدی، عابدہ شیخ، زرینہ شیخ، نرگس ، اکھلیش گپتا، امجد کھیرانی اور وجے سولنکی وغیرہ موجود تھے۔
مقامی نومنتخب کارپوریٹر رفیق شیخ کے مطابق بینر لگانے کا مقصد یہ بتایا گیا ہے کہ مہاڈا کے ذریعے یہ تفصیل جمع کی جارہی ہے کہ مکینوں میں اونرشپ والے کتنے اور کرایہ دار کتنے ہیں؟ اس کا سبب یہ بتایا گیا کہ مہاڈا کو ریونیو کم دیا جارہا ہے۔ اس سروے سے پتہ چل سکے گا کہ کتنے لوگ رقم ادا کررہے ہیں اور کتنے غفلت برت رہے ہیں۔