• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کیخلاف مہم،ایک ماہ میں۸۰؍ہزار سے زائد مسافر پکڑے گئے

Updated: August 13, 2024, 10:40 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ویسٹرن ریلوے نے بنا ٹکٹ سفر کرنے والوں سے ڈھائی کروڑ روپے سے زیادہ جرمانہ وصول کیا، سینٹرل ریلوے میں بھی کارروائی جاری۔

Western and Central Railways took action against ticketless passengers and received a fine of crores of rupees. Photo: INN
ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے نے بغیر ٹکٹ مسافروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا۔ تصویر : آئی این این

سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں ریل انتظامیہ اکثر مسافروں سے ہی ملنے والی شکایتوں کے بعد بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے ان سے جرمانہ وصول کرتی ہے ۔ان دنوں ویسٹرن ریلوے میں ٹکٹ چیکرس( ٹی سی) نے بھی بنا ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف مہم تیز کردی ہے۔ اس مہم کے دوران محض ایک ماہ میں ۸۰؍ہزار سے زائد مسافروں کو بنا ٹکٹ سفر کرنےکے جرم میں حراست میں لیا گیا اور ان سے کروڑوں روپے وصول کئے گئے ہیں ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سینٹرل ریلوے بھی بنا ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں پیش پیش رہا ہے ۔ سینٹرل ریلوے نے سال ۲۴۔۲۰۲۳ء میں کی گئی کارروائی کے دوران ۴۰؍ لاکھ سے زائد مسافروںسے کروڑوں روپے وصول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف چلائی گئی اس مہم کے درران مغربی مضافات کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر کارروائی کرتے ہوئے جن مسافروں کو حراست میں لے کر جرمانہ وصول کیا گیا ہے ان میں ایئر کنڈیشنڈ ( اے سی )لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافر بھی شامل ہیں ۔ ویسٹرن ریلوے کے ٹکٹ چیکرس نے گزشتہ ماہ یکم جولائی سے۳۱؍جولائی تک  ۸۴؍ہزار مسافروں کو بنا ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑا تھا اور ان سے ۲؍کروڑ۷۵؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان میں ان مسافروں کی تعداد بھی خاصی ہے جنہوں نے اے سی لوکل ٹرین میں بنا ٹکٹ سفر کیا ہے۔ اے سی ٹرینوں میں بنا ٹکٹ سفر کرنے والے ۱۷؍ ہزار ۴۰۰؍ مسافروں کو پکڑا گیاہے اور ان سے۶۰؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ ویسٹرن ریلوے کی ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری تا ۳۱؍ جولائی کے درمیان کی جانے والی کارروائی کے دوران ویسٹرن ریلوے نے بنا ٹکٹ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں سے ۵۷؍ کروڑ ۳۵؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
ویسٹرن ریلوے کے ساتھ ساتھ سینٹرل ریلوے میں بھی بنا ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سینٹرل ریلوے نے سال ۲۴۔۲۰۲۳ء میں کی گئی کارروائی کے دوران ۴۶؍ لاکھ ۲۶؍ ہزار مسافروں کو بنا ٹکٹ سفر کرنے کے جرم میں پکڑا تھا اور ان سے ۳۰۰؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ریلوے انتظامیہ کے بقول گزشتہ ۳؍ برسوں کے ریکارڈ کے مطابق سال ۲۴۔۲۰۲۳ء میں بنا ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کی گئی یہ سب سے بڑی کارروائی ثابت ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK