Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھگن بھجبل، فرنویس حکومت کے تیسرے نائب وزیر اعلیٰ ہوسکتے ہیں؟

Updated: May 28, 2025, 4:08 PM IST | Agency | Nashik

ناسک کا نگراں وزیر بنائے جانے کے سوال پر گریش مہاجن کا شوشہ، کہا یہ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ انہیں نگراں وزیر بنائیں یا نائب وزیر اعلیٰ۔

Food and Supplies Minister Chhagan Bhajjabal will be the caretaker minister of Nashik? Picture: INN
وزیر خوراک و رسد چھگن بھججبل ناسک کے نگراں وزیر ہوں گے؟ تصویر: آئی این این

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر گریش مہاجن نے ایک نیا شوشہ چھوڑا ہے۔ ان  کا کہنا ہے کہ چھگن بھجبل ریاست کے تیسرے نائب وزیر اعلیٰ بھی بن سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ۲؍ نائبین ہیں ایک اجیت پوار جو این سی پی کے سربراہ ہیں اور دوسرے ایکناتھ شندے جو شیوسینا  کے قائد ہیں۔ چھگن بھجبل کا تعلق این سی پی یعنی اجیت پوار کی پارٹی سے ہے لیکن وہ بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ کابینہ میں دیویندر فرنویس کی وجہ سے ہیں۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ ۳۵؍ سال میں چھگن بھجبل اسمبلی میں کسی نے کسی عہدے پر ضرور رہے ہیں۔ اگر وزیر نہیں رہے تو اپوزیشن لیڈر رہے۔ ایسی صورت میں جب ۲۰۲۴ء میں جب مہایوتی  دوبارہ اقتدار میں آئی اور انہیں وزیر نہیں بنایا گیا تو وہ سخت ناراض ہوئے اور براہ راست اجیت پوار کو نشانہ بنایا۔ اس وقت انہوں نے یہ کہا تھا کہ دیویندر فرنویس انہیں وزیر بنانا چاہتے تھے لیکن اجیت پوار نے منع کر دیا۔ اب جبکہ انہیں دھننجے منڈے کی جگہ کابینہ میں شامل کیا گیا ہے تو بھجبل نے اسی بات کو الگ طریقے دہرایا۔ بھجبل کا کہنا ہے کہ میں کابینہ میں ہوں تو دیویندر فرنویس کی وجہ سے۔ فرنویس شروع سے چاہتے تھے کہ مجھے وزیر بنایا جائے۔
  البتہ سوال یہ ہے کہ کیا اب بھجبل کو ناسک کا نگراں وزیر بھی بنایا جائے گا؟ یاد رہے کہ ناسک کے نگراں وزیر کا معاملہ اب بھی معلق ہے۔ یہاں سے چھگن بھجبل، مانک رائو کوکاٹے اور نرہری زروال ( تینوں این سی پی) اراکین اسمبلی ہیں جبکہ شیوسینا (شندے) کے دادا بھسے بھی اسی ضلع کے منتخب ہوئے ہیں۔ یہ تینوں ہی نگراں وزیر کی دوڑ میں شامل تھے کہ بھجبل بھی کابینہ میں آ گئے چونکہ وہ ان میں سب سے سینئر ہیں اور ناسک سے ان کا گہرا تعلق  ہے، ساتھ ہی انہیں او بی سی کا سب سے بڑا لیڈر مانا جاتا ہے۔ اس لئے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا انہیں ناسک کا نگراں وزیر بھی بنایا جائے گا؟ 
 اسی سوال کے جواب میں گریش مہاجن نے کہا کہ ’’ آپ صحافی حضرات آگ میں گھی ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔ ناسک کے نگراں وزیر کے تعلق سے کوئی مقابلہ آ رائی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے وہ جسے چاہیں گے اسے یہ عہدہ دیں گے۔‘‘ مہاجن نے کہا ’’ چھگن بھجبل کو ناسک کا نگراں وزیر کیوں نہیں بنایا جا سکتا؟ وزیر اعلیٰ چاہیں تو انہیں ریاست کا تیسرا نائب وزیر اعلیٰ بھی بنا سکتے ہیں۔‘‘ گریش مہاجن کے اس بیان کو میڈیا لے اڑا اور ایک بحث چھڑ گئی کہ کیا بھجبل کو اب نائب وزیر اعلیٰ بھی بنایا جائے گا؟‘‘  وزیر زراعت مانک رائو کوکاٹے جو اس دوڑ میں شامل ہیں ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے طنز کیا ’’ بھجبل صاحب نائب وزیر اعلیٰ کیا وزیر اعظم بھی بن سکتے ہیں اور اگر وہ وزیر اعظم بن گئے تب بھی ہم ان کا خیر مقدم کریں گے۔‘‘ کوکاٹے نے ناسک کے نگراں وزیر کے عہدے کی دوڑ کے تعلق سے کہا کہ اس معاملے میں میری طرف سے کوئی مقابلہ آرائی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ جسے چاہیں نگراں وزیر بنا سکتے ہیں یہ ان کا اختیار ہے۔  یاد رہے کہ ناسک  کے نگراں وزیر کے عہدے پر فیصلہ اب بھی معلق ہے کیونکہ یہاں ۴؍ دعویدار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK