ڈونالڈ ٹرمپ نے کنیڈا سے تجارتی معاہدہ کے تعلق سے کہا کہ فلسطین پر اس کے موقف کے سبب معاہدہ بہت سخت ہوگا، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم کارنی نے اعلان کیا تھا کہ کنیڈا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔
EPAPER
Updated: July 31, 2025, 9:01 PM IST | Washington
ڈونالڈ ٹرمپ نے کنیڈا سے تجارتی معاہدہ کے تعلق سے کہا کہ فلسطین پر اس کے موقف کے سبب معاہدہ بہت سخت ہوگا، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم کارنی نے اعلان کیا تھا کہ کنیڈا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کی صبح کنیڈا کو خبردار کیا کہ فلسطینی ریاست کے حق میں اوٹاوا کے اعلان کے بعد تجارتی معاہدہ کرنا ’’بہت مشکل‘‘ ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا’’واہ! کنیڈا نے ابھی اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کی حمایت کر رہا ہے۔ اس سے ہمارے لیے ان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ ہائے کنیڈا ۔‘‘
واضح رہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان کنیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جو انہوں نے بدھ کو غزہ پٹی کی ’’ناقابلِ برداشت‘‘ انسانی صورت حال کے درمیان کیا تھا کہ ملک ستمبر ۲۰۲۵ءمیں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرے گا۔ کارنی نے اوٹاوا میں ایک ورچوئل کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ’’کنیڈا ستمبر ۲۰۲۵ءمیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۸۰؍ویں اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘‘