• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دہلی میں اب کی بار اے کیو آئی ۴۰۰؍ پار‘‘

Updated: November 15, 2026, 10:20 AM IST | New Delhi

شہر میں ہوا کا معیار خطرناک زمرہ میںداخل ہونے پرکانگریس لیڈر جے رام رمیش کا طنز ، اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اخبارات کے کچھ تراشے شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’ سانسوں پر بحران بڑھ رہا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد۔‘‘

People out for a walk and a jog on Kartavya Path in Delhi. (PTI)
دہلی میں کرتویہ پتھ پرکچھ افراد چہل قدمی اور جاگنگ کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

نئی دہلی (ایجنسی):دہلی-این سی آر میں آلودگی تو دیوالی سے پہلے بھی بہت تھی لیکن دیوالی کے بعد اب یہ ’خطرناک زمرہ‘ میں داخل ہو گئی ہے۔ کئی علاقوں میں اے کیو آئی مستقل۴۰۰؍ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس پر اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہی ہیں ۔ مرکز کے ساتھ ساتھ دہلی حکومت پر بھی تنقید ہو رہی ہے کیونکہ حالات دن بہ دن خراب ہی ہوتے جا رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے براہ راست وزیر اعظم نریندر پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔ کانگریس جنرل سیکریٹری جئے رام رمیش نے انتخابی نعرہ ’اب کی بار۴۰۰؍ پار‘ کو یاد کرتے ہوئے ’اب کی بار، اے کیو آئی۴۰۰؍ پار‘ کانعرہ دیا ۔

یہ بھی پڑھئے: حکومت اور اپوزیشن کے لیڈروں کا جواہر لال نہرو کو خراج عقیدت

جئے رام رمیش نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اخبارات کے کچھ تراشے شیئر کئے ہیں جس میں دہلی-این سی آر کی آلودگی پر تشویش ظاہر کیا گیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے لکھا ہے کہ ’’دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن چکا ہے۔ ہوا اتنی زہریلی ہے کہ سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ بچے اور بزرگ اس کی سب سے بڑی قیمت ادا کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’سانسوں پر بحران بڑھ رہا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد۔‘‘

’اب کی بار،۴۰۰؍ پار‘ نعرہ کو یاد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے لکھا کہ ’’اب کی بار، اے کیو آئی۴۰۰؍ پار۔ ’پروچن منتری‘ کا نعرہ اے کیو آئی کے معاملے میں تو سچ ثابت ہو رہا ہے۔ نعرے ہوا میں اُچھالے تھے، اب ہوا ہی زہر بن گئی ہے۔‘‘ جئے رام رمیش نے جو اخباری تراشے شیئر کیے ہیں، ان میں ایک کا عنوان ہے ’دہلی میں۱۶؍ مقامات کی ہوا بے حد زہریلی، اے کیو آئی۴۰۰؍ پار‘۔ ایک دیگر خبر کی سرخی ہے ’دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر رہا‘، اور ایک دوسری سرخی ہے’۵۰؍ فیصد ملازمین کو وَرک فرام ہوم کی ہدایت۔‘‘ اسی طرح کم و بیش نصف درجن خبریں دہلی-این سی آر میں آلودگی سے متعلق شیئر کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ: پاکستانی ساختہ جعلی کاسمیٹک میں زہریلے مادّوں کا انکشاف

 صدر بازار میں مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کی پہل

دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور زہریلی ہوا کے تناظر میں صدر بازار ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر پرمجیت سنگھ پما نے عوامی مفاد میں ایک قابل ستائش اقدام اٹھایا اور صدر بازار کے قطب روڈ پر مزدوروں اور عام لوگوں میں ماسک تقسیم کئے۔ پرمجیت سنگھ پما نے خاص طور پر ان مزدوروں میں ماسک تقسیم کیے جو گاڑیاں کھینچ کر، سامان لے کر اور بازاروں میں کام کر کے اپنی روزی کماتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آلودگی کا سب سے زیادہ اثر ان لوگوں پر پڑتا ہے جو کھلے میں گھنٹوں کام کرنے پر مجبور ہیں۔ پما نے کہا کہ دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی اب صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ عام آدمی، مزدوروں، بچوں اور معمرشہریوں کیلئے صحت کا ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ لہٰذا، یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں اور دوسروں کو بھی تعلیم دیں۔ پما نے مزدوروں اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک پہنیں، دھول اور دھوئیں سے بچنے کی کوشش کریں اور اپنے گھر والوں اور آس پاس کے لوگوں کو بھی آلودگی سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کریں۔ پرمجیت سنگھ پما نے کہا کہ تاجر برادری صرف کاروبار تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کی سماج اور عام لوگوں کے تئیں بھی ذمہ داری ہے۔ صدر بازار باری مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن مفاد عامہ اور سماجی مسائل سے متعلق کاموں میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر تاجرلیڈر دیپک متل، ویریندر آریہ اور کلدیپ سنگھ، انوج کے ساتھ دیگر نامور تاجر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK