چھاپوں کے دوران سٹہ بازی اور جوا کھیلنے کے لائیو پینل کام کرتے ہوئے پائے گئے جنہیں بند کردیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 10:30 AM IST | Chennai/ New Delhi
چھاپوں کے دوران سٹہ بازی اور جوا کھیلنے کے لائیو پینل کام کرتے ہوئے پائے گئے جنہیں بند کردیا گیا۔
مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے گزشتہ چند دنوں کے دوران غیر قانونی آن لائن سٹہ بازی کے پلیٹ فارم مہادیو آن لائن بک ایپ معاملے میں ۶؍ ریاستوں میں۳۳؍ مقامات پر تلاشی مہم چلائی ہے۔یہ چھاپے امرتسر، دہلی، ناگور، دھول پور، بھوپال، رائے پور، درگ، اندور، احمد آباد، وڈودرا، سورت، ممبئی اور ناگپور میں مارے گئے۔سی بی آئی کے مطابق یہ کارروائی پلیٹ فارم کے اہم پروموٹرز میں سے ایک اور کلیدی ملزم سوربھ چندراکر کی جانب سے سلطنت عمان سے ہندوستان حوالگی کے بعد تفتیش کے دوران کئے گئے انکشافات کی بنیاد پر کی گئی۔سنیچر کے روز سی بی آئی نے بتایا کہ ان چھاپوں کے دوران سٹہ بازی اور جوا کھیلنے کے لائیو پینل کام کرتے ہوئے پائے گئے جنہیں بند کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل آلات، موبائل فون اور ایسی قابلِ اعتراض دستاویزات بھی برآمد کرکے ضبط کی گئیں جن سے فرضی یا دوسروں کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتوں اور حوالہ نیٹ ورک کے استعمال کا انکشاف ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دہلی میں اب کی بار اے کیو آئی ۴۰۰؍ پار‘‘
بتا دیں کہ سوربھ چندراکر کو عمان سے ہندوستان لانے کے بعد یکم نومبر کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ رائے پور کی خصوصی عدالت (سی بی آئی مقدمات) نے پوچھ گچھ کیلئے اسے ۸؍ دن کی سی بی آئی تحویل میں دینے کا حکم دیا تھا۔ تفتیش کے دوران پلیٹ فارم کے کام کرنے کے طریقۂ کار اور ہندوستان میں اس کے پینل آپریٹروں کے نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ اسے تفتیش کے دوران جمع کیے گئے دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد بھی دکھائے گئے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ کی ریاستی حکومت سے منتقلی کے بعد سی بی آئی نے مہادیو آن لائن بک معاملے میں ۲؍ ایف آئی آر درج کی تھیں۔ اب تک کی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ پلیٹ فارم بیرونِ ملک ایک ہیڈ آفس کے ذریعے چلایا جاتا ہے جبکہ ہندوستان میں اس کا کام پینل آپریٹروں کے ایک بڑے نیٹ ورک کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔یہ آپریٹرز صارفین کی آئی ڈی بناتے ہیں، سٹہ بازی کی رقم ایسے بینک کھاتوں میں جمع کرتے ہیںجو خصوصی طور پر دوسرے افراد کے نام پر کھولے یا کرائے پر حاصل کئے جاتے ہیں اور اس سے حاصل ہونے والا منافع حوالہ کے ذریعے بیرونِ ملک بھیج دیتے ہیں۔تحقیقات میں دیگر ملزم، بشمول بیرونِ ملک مقیم افراد، اس نیٹ ورک کے آپریشن میں سہولت فراہم کرنے والوں اور متعلقہ سرکاری ملازمین کے کردار کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔مرکزی ایجنسی نے بتایا کہ دیگر مفرور ملزموں کو ہندوستان لانے کے لیے حوالگی کے اقدامات جاری ہیں۔