ایندھن اور گاڑیوں کی قیمتیں بڑھائے جانے کے باوجود ۴ء۷؍ لاکھ کاریں خریدی گئیں، ماروتی کی سی این جی گاڑیوں کی فروخت ۵۰؍ فیصدبڑھ گئی۔
EPAPER
Updated: August 04, 2026, 11:08 AM IST | New Delhi
ایندھن اور گاڑیوں کی قیمتیں بڑھائے جانے کے باوجود ۴ء۷؍ لاکھ کاریں خریدی گئیں، ماروتی کی سی این جی گاڑیوں کی فروخت ۵۰؍ فیصدبڑھ گئی۔
ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور خود گاڑیوں کے مہنگے ہوجانے کے باوجود جولائی ۲۶ء میں کاروں کی فروخت میں ۳۳؍ فیصد اضافہ کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس طرح ملک میں ۴ء۷؍لاکھ کاریں خریدی گئیں۔ ماروتی سوزوکی انڈیا کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر برائے مارکیٹنگ و سیلز پارتھو بنرجی نے بتایا کہ ستمبر۲۵ء کے اواخر میں جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کے بعد ہندوستان کی آٹو انڈسٹری میں شاندار تیزی نظر آرہی ہے۔ ان کے مطابق انکم ٹیکس میں رعایت اور ریپو ریٹ میں کمی نے بھی صارفین کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا نے جولائی میں مجموعی طور پر۲؍ لاکھ ۴۱؍ ہزار ۴۲۱؍ گاڑیاں فروخت کیں، جو گزشتہ سال اسی ماہ کی ایک لاکھ ۸۰؍ ہزار ۵۲۶؍ یونٹس کے مقابلے میں۳۴؍فیصد زیادہ ہیں۔ماروتی کی گھریلو مسافر گاڑیوں کی فروخت۴۳؍ فیصد بڑھ کر ریکارڈ ایک لاکھ ۹۶؍ ہزار ۲۰۳؍ یونٹس ہوگئی، جبکہ لائٹ کمرشل گاڑیوں سمیت مجموعی گھریلو فروخت بھی ریکارڈ۲؍ لاکھ ۱۲۳؍ یونٹس تک پہنچ گئی۔ بنرجی نے بتایا کہ کمپنی کے پاس تقریباً۱ء۲۰؍ لاکھ سی این جی گاڑیوں کے آرڈر زیر التوا ہیں، جبکہ نئی لانچ کی گئی بریزا کی روزانہ تقریباً۲؍ ہزار یونٹس کی بکنگ ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آبنائے ہرمز بند رہی تو برطانوی معیشت کساد بازاری کا شکار ہو سکتی ہے: ای وائی
ہنڈائی موٹر انڈیا لمیٹڈ نے جولائی۲۶ءمیں ملکی فروخت اور برآمدات سمیت۷۵؍ ہزار ۳۶۰؍ گاڑیوں کی ریکارڈ ماہانہ فروخت درج کی جو سالانہ بنیاد پر۲۵ء۴؍ فیصد کا مضبوط اضافہ ہے۔ اس میں۵۴؍ہزار ۲۱۰؍ یونٹس کی ماہانہ گھریلو فروخت شامل ہے، جو۲۳ء۳؍ فیصد زیادہ ہے، جبکہ برآمدات۳۱ء۴؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۲۱؍ ہزار ۱۵۰؍ یونٹس رہیں۔
ہنڈائی موٹر انڈیا کے ایم ڈی اور سی ای او ترون گرگ نے بتایا کہ کمپنی نے نئی سہ ماہی کا آغاز مضبوط کارکردگی کے ساتھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر۷۵؍ہزار ۳۶۰؍ گاڑیوں کی فروخت صارفین کے ہنڈائی برانڈ پر اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ فروخت کمپنی کے قیام کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ فروخت ہے۔