امریکہ ایران کشیدگی کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے، بِٹ کوائن کی قدر چار دنوں میں ۱۵؍ فیصد کم ہوئی۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 2:49 PM IST | Mumbai
امریکہ ایران کشیدگی کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے، بِٹ کوائن کی قدر چار دنوں میں ۱۵؍ فیصد کم ہوئی۔
ممبئی(ایجنسی):گھریلو شیئر بازاروں میںجمعرات کو سرمایہ کار محتاط نظر آئے۔ عالمی بازاروںمیں اتھل پتھل کےرجحان کے برعکس مقامی بازارمیں محتاط خریداری کا رجحان غالب رہا۔ بازار ماہرین نے اس کی وجہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ کو بتایا جس کا نتیجہ جمعہ کو جاری کیا جائے گا۔ سرمایہ کار ریپوریٹ کے متعلق آربی آئی کے موقف اور معاشی پالیسیوں کے اعلانات پر نظریں مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اسی وجہ سے ایم پی سی نتیجے کے ایک دن پہلے بازار میں نہ تو بہت اچھال دیکھا گیا اور نہ ہی بڑی گراوٹ۔ اگرچہ آئی ٹی کمپنیوں پر دباؤ کے باعث اہم اشاریے دن بھر اتار چڑھاؤ کے بعد معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ بی ایس ای سینسیکس۱۳ء۸۴؍ پوائنٹس (۰ء۰۲؍ فیصد) بڑھ کر ۷۴۳۶۰ء۰۱؍ پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی۵۰؍ انڈیکس بھی۱۰ء۹۵؍ پوائنٹس یا۰ء۰۵؍فیصد بڑھ کر ۲۳۴۱۶ء۵۵؍پر آگیا۔ بڑے اشاریہ جات میں دن بھر نمایاں اتار چڑھاو کا سامنا کرنا پڑا، کبھی سرخ اور کبھی سبز میں۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر حکومت نے ایئر انڈیا کی تاریخی عمارت ۱۶۰۱؍ کروڑ روپے میں خرید لی
وسیع مارکیٹ میں شروع سے ہی مضبوط ریلی دیکھی گئی۔ نفٹی مڈ کیپ۵۰؍ انڈیکس۰ء۴۳؍ فیصد گرا، اور اسمال کیپ۱۰۰؍ انڈیکس۰ء۴۹؍ فیصد گرا۔ سرمایہ کاروں نے دھات، آئی ٹی اور کیمیکل سیکٹر میں کمپنیاں فروخت کیں۔ دریں اثنا، صارف پائیدار اور میڈیا انڈیکس میں دو فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ بینکنگ، فنانس، فارما، ہیلتھ کیئر، آٹو اور ایف ایم سی جی کے شعبوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ سینسیکس کمپنیوں میں ٹائٹن کا اسٹاک تقریباً۳ء۵؍ فیصد بڑھ کر بند ہوا۔ ایٹرنل میں بھی تقریباً۳؍ فیصد اضافہ ہوا۔ آئی ٹی سی کے اسٹاک میں۱ء۲۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔ ٹیک مہندرا، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، آئی سی آئی سی آئی بینک، بی ای ایل، مہندرا اینڈ مہندرا، اور ماروتی سوزوکی نے بھی فائدہ اٹھایا۔ انفوسس کے اسٹاک میں۱ء۷۵؍ فیصد کی کمی آئی۔ بجاج فنسرو اور الٹرا ٹیک سیمنٹ کے حصص تقریباً ایک فیصد گر گئے۔ ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز، اڈانی پورٹس، ریلائنس انڈسٹریز، ہندوستان یونی لیور، ٹاٹا اسٹیل، سن فارما، ایل اینڈ ٹی، بھارتی ایئرٹیل اور بجاج فائنانس بھی سرخ رنگ میں رہے۔
عالمی بازاروںمیں فروخت کا رجحان حاوی
امریکی بازار میں بدھ کے کاروباری سیشن میں فروخت کا رجحان رہا اور اس کے اہم انڈیکس ڈاؤ جونز میں۶۲۱؍ پوائنٹس( ۱ء۲۱؍فیصد )اور نصدق میں۲۳۹ء۹۳؍پوائنٹس (۰ء۸۹؍فیصد) کی گراوٹ کی درج کی گئی ہے۔ جاپان کا نکئی بھی ۱۵۰۰؍پوائنٹس پھسل گیا تھا، لیکن اس میں تھوڑی بہتری آئی اور یہ گراوٹ ۹۳۱؍پوائنٹس کی رہی۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ ۴۰۰؍ پوائنٹس گھٹ کر ۲۵۲۲۸؍پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔ساؤتھ کوریا کا کوسپی ۲؍ فیصد گھٹ کر ۸۵۷۷؍پوائنٹس پر بند ہوا ۔ جمعرات کو خبر لکھے جانے تک امریکی بازار میں بڑی تیزی آئی ہے اور پچھلے سیشن کی گراوٹ سے ابھر آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مئی میں ہندوستان میں بجلی کی کھپت ۵۵ء۱۱؍ فیصد بڑھی
مسلسل فروخت کے رجحان سے بٹ کوائن بھی دوچار
کرپٹو بازار بھی مسلسل گراوٹ سے دوچار ہیں۔ بالخصوص بٹ کوائن کی قدر چار دنوں میں ۱۵؍ فیصد گھٹ کرفی بٹ کوائن ۶۲؍ہزار۵۱۷؍ ڈالر پر آگئی ہے۔
ایم پی سی کے متعلق کیا اندازے ہیں؟
آج( جمعہ) کو جاری کی جانے والی مانیٹری پالیسی کو حالیہ برسوں کے مشکل ترین فیصلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف خام تیل کی بڑھتی قیمتیں، کمزور ہوتا روپیہ اور مانسون سے جڑے خطرات ہیں، جبکہ دوسری جانب معیشت کی ترقی کو سہارا دینے کی ضرورت بھی موجود ہے۔رائٹرز کے سروے کے مطابق زیادہ تر ماہرین کا خیال ہے کہ آر بی آئی شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔ تاہم بعض اشارے یہ بھی بتاتے ہیں کہ سرمایہ کار شرحِ سود میں اضافے کے امکان کو نظر انداز نہیں کر رہے۔اگر شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی لیکن مستقبل میں سخت مانیٹری پالیسی کا اشارہ ملتا ہے، تو بازار اس کو بھی سنجیدگی سے لے گا۔