سابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ معاملات پر اپنا رخ واضح کیا ،بتایاکہ انہو ں جو وعدےکئے،انہیں پورا کرنے کا ان کا کبھی ارادہ نہیں رہا ۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 10:23 AM IST | Washington
سابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ معاملات پر اپنا رخ واضح کیا ،بتایاکہ انہو ں جو وعدےکئے،انہیں پورا کرنے کا ان کا کبھی ارادہ نہیں رہا ۔
واشنگٹن (ایجنسی):سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی حکومت کے سربراہ بنجامن نتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ پٹی میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو محدود کرنے کے حوالے سے ایسے وعدے کرتے رہے جن پر عمل درآمد کا ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور انہوں نے قابض اسرائیل کے طویل المدتی مفادات پر اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دی ۔ یہ بیان اس تضاد کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے جو جنگ کے نظم و نسق پر ان کے انتظامیہ کے اعتراضات اور اس جنگ کیلئے جاری امریکی فوجی و سیاسی حمایت کے درمیان پایا جاتا تھا۔جمعہ کے روز امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این ‘کی جانب سے شائع ہونے والے بائیڈن کی نئی یادداشتوں پر مشتمل کتاب’ پرومیس می امیریکہ‘ کے اقتباسات میں سابق صدر نے نتن یاہو کے ساتھ اپنے معاملات کے ایک مسلسل انداز کو بیان کیا جس کے تحت شہریوں کی تکالیف کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کے وعدے کیے جاتے تھے، اس کے فوراً بعد قابض اسرائیل کی ایسی فوجی کارروائیاں ہوتی تھیں جن میں مزید جانی نقصان ہوتا اور پھر ایسی تاویلیں پیش کی جاتی تھیں جو زمینی حقیقت کو تبدیل نہیں کرتی تھیں ۔ رواں نومبر کی۱۷؍ تاریخ کو شائع ہونے والی اس کتاب میں بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے جنگ کے آغاز سے ہی قابض اسرائیل پر زور دیا کہ وہ شہریوں کی تکالیف کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرے اور انہوں نے نتن یاہو کے ساتھ اپنی نجی گفتگو میں بارہا ان خدشات کا اظہار کیا۔ بائیڈن کے بقول نتن یاہو نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ فلسطینی شہدا ءو زخمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے اور جنگ کیلئے امریکی حمایت کو کمزور کر رہی ہے ۔ تاہم سابق صدر کے مطابق ان بات چیت کا اسرائیلی وزیر اعظم کے رویے میں کسی مستقل تبدیلی کی صورت میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا کیونکہ نتن یاہو مزید کوششیں کرنے کا وعدہ کرتے تھے اور اس کے فوراً بعد ایک اور فوجی کارروائی ہوتی جس میں عام شہری شہید ہو جاتے۔بائیڈن نے لکھا کہ اسرائیلیوں کے پاس ہمیشہ کوئی نہ کوئی وضاحت یا بہانہ موجود ہوتا تھا لیکن نتیجہ ایک ہی نکلتا تھا اور نتن یاہو کو ایسے وعدے کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوتی تھی جنہیں پورا کرنے کی نہ تو ان میں صلاحیت تھی اور نہ ہی نیت۔
بائیڈن نے کہا کہ اسرائیل کے طویل مدتی مفادات پر نتن یاہو نے اپنے ذاتی سیاسی مفادات کو ترجیح دی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یاہوکو درپیش دباؤ کا ادراک رکھنے کے باوجود انہیں اس بات پر مایوسی ہوئی کہ نتن یاہو نے ایک مدبر سیاستداں کی منطق سے کام نہیں لیا اور وہ اپنی فوری سیاسی ضروریات میں الجھے رہے۔اس کے باوجود بائیڈن نے شائع شدہ اقتباسات میں کوئی ایسا جائزہ پیش نہیں کیا جو قابض اسرائیل کیلئے ان کی بنیادی حمایت کی نفی کرتا ہو بلکہ انہوں نے اسے امریکی مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کا حصہ قرار دیتے ہوئے امداد کی فراہمی کا دفاع کیا۔