پارلیمنٹ میں سوال اٹھانے کے بدلے رقم لینے کے معاملے میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کی مشکلات میں اضافہ۔
EPAPER
Updated: July 29, 2025, 2:06 PM IST | Agency | New Delhi
پارلیمنٹ میں سوال اٹھانے کے بدلے رقم لینے کے معاملے میں ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کی مشکلات میں اضافہ۔
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ سی بی آئی نے ان کے خلاف پارلیمنٹ میں سوال اٹھانے کے بدلے رقم لینے کے معاملے میں لوک پال کو رپورٹ پیش کی ہے۔ اب لوک پال فیصلہ کرے گا کہ آگے کیا کارروائی کرنی ہے؟ سی بی آئی کی اس رپورٹ میں مہوا موئترا پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے رقم اور تحائف کے عوض پارلیمنٹ میں ایک بڑے کاروباری گروپ کے خلاف سوالات کیے تھے ۔ یہ معاملہ سب سے پہلے اس وقت سامنے آیا جب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور سپریم کورٹ کے وکیل نے لوک پال سے شکایت درج کرائی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہوا موئترا نے سوال پوچھنے کے بدلے میں ایک تاجر سے نقد رقم، تحائف اوراسےلوک سبھا کی لاگ ان آئی ڈی تک دی تھی۔
ایف آئی آر گزشتہ سال۲۱؍مارچ کو درج کی گئی تھی
سی بی آئی نے گزشتہ سال۲۱؍ مارچ کو مہوا موئترا اور ہیرانندانی کے خلاف لوک پال کے ایک حوالہ پر بدعنوانی کی روک تھام کے ایکٹ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ موئترا بدعنوانیوں میں ملوث ہیں جس میں ہیرانندانی سے رشوت لینے کے بھی الزامات تھے۔ کہا گیا کہ مہوا موئترا نے اپنے پارلیمانی استحقاق سے سمجھوتہ کیا اور لوک سبھا میں لاگ ان آئی ڈی کا اشتراک کرکے قومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کیا۔
مہوا موئترا کو ایوان سے نکال دیا گیاتھا
عہدیداروں نے کہا کہ ایجنسی نے اس معاملے میں اپنے نتائج لوک پال کو پیش کردیئے ہیں جو اس معاملے میں مزید کارروائی کا فیصلہ کرےگا۔ واضح رہےکہ مہوا موئترا کو جنہو ںنے گزشتہ لوک سبھا میں کرشنا نگر سیٹ کی نمائندگی کی تھی، دسمبر ۲۰۲۳ء ’غیر اخلاقی رویے‘ پر ایوان سے نکال دیا گیا تھا،انہوں نے اپنی اس معطلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ۔مہوا موئترا نے بعد میں الزام لگایا کہ ان کی رکنیت ایک سازش کے تحت اور انہیں جواب دینے کا موقع دیئے بغیر منسوخ کر دی گئی۔ بعد ازاں ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں اپنی حریف، بی جے پی کی امریتا رائے کو شکست دے کر اپنی سیٹ برقرار رکھی اور فی الحال وہ دوبارہ ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔