Updated: August 06, 2026, 9:02 PM IST
| New Delhi
مرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) (CCPA) نے آن لائن صارفین کو گمراہ کرنے والے ’’ڈارک پیٹرنز‘‘ کے استعمال پر سخت کارروائی کرتے ہوئےانڈیگو، زیپٹو، فزکس والا، بُک مائی شو، فرسٹ کرائی، اور اسپائس جیٹ سمیت نو ڈجیٹل پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
زیپٹو۔ تصویر:آئی این این
مرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) (CCPA) نے آن لائن صارفین کو گمراہ کرنے والے ’’ڈارک پیٹرنز‘‘ کے استعمال پر سخت کارروائی کرتے ہوئےانڈیگو، زیپٹو، فزکس والا، بُک مائی شو، فرسٹ کرائی، اور اسپائس جیٹ سمیت نو ڈجیٹل پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔حکومت نے راجیہ سبھا میں تحریری جواب کے ذریعے بتایا کہ یہ کارروائی ان آن لائن طریقوں کے خلاف کی گئی ہے جو صارفین کو خریداری، سبسکرپشن یا اضافی خدمات لینے پر غیر محسوس انداز میں مجبور کرتے ہیں۔
وزارتِ امورِ صارفین کے مطابق تحقیقات میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے ’’ڈرپ پرائسنگ (Drip Pricing)، باسکٹ اسنیکنگ (Basket Sneaking)، کنفرم شیمنگ (Confirm Shaming)، سبسکرپشن ٹریپ (Subscription Trap)‘‘ اور گمراہ کن پیغامات جیسے طریقوں کا استعمال سامنے آیا، جن کا مقصد صارفین کے فیصلوں پر اثر انداز ہونا تھا۔
سی سی پی اے نے اب تک ان خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر تقریباً ۲۰؍ لاکھ روپے کے جرمانے وصول کیے ہیں۔ حکومت نے یاد دلایا کہ جون ۲۰۲۵ء میں تمام ای-کامرس پلیٹ فارمز کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی ویب سائٹس اور ایپس کا خود جائزہ لے کر ایسے تمام ڈارک پیٹرنز ختم کریں۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’کِل‘‘ کے ہدایت کار نکھل ناگیش بھٹ کا ہالی ووڈ میں داخلہ
زیپٹو پر۷؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا کیونکہ ابتدائی قیمت دکھانے کے بعد چیک آؤٹ کے دوران اضافی ہینڈلنگ چارجز اور ممبرشپ فیس شامل کی جا رہی تھی۔ سی سی پی اے نے اسے ڈرپ پرائسنگ اور باسکٹ اسنیکنگ قرار دیا۔ ریگولیٹر کی مداخلت کے بعد کمپنی نے یہ طریقہ کار ختم کر دیا۔
فزکس والا پر ۵؍ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق پلیٹ فارم صارفین کو جذباتی انداز میں ڈونیشن جاری رکھنے کی ترغیب دے رہا تھا، جبکہ مفت کورس تک رسائی سے پہلے ذاتی معلومات فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔ کمپنی نے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ متعلقہ فیچرز بھی ہٹا دیئے۔
انڈیگو کے موبائل ایپ میں کنفرم شیمنگ کا طریقہ استعمال کیا جا رہا تھا، جہاں صارفین کو ’’نہیں، میں رسک لوں گا‘‘ جیسا پیغام دکھایا جاتا تھا۔ اعتراض کے بعد ایئرلائن نے اسے تبدیل کرکے غیر جانبدار پیغام نہیں، میں اپنے سفر میں کوئی اضافی سہولت شامل نہیں کروں گا‘‘ کر دیا۔ اسی طرح بُک مائی شو کو اپنے بُک اے اسمائل پروگرام میں پہلے سے منتخب ایک روپے کے عطیے کا آپشن ختم کرنے کا حکم دیا گیا کیونکہ اسے بھی باسکٹ اسنیکنگ قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:تنوی، اشمیتا اور رکشتا کوارٹر فائنل میں، انمول کھرَب دوسرے راؤنڈ میں باہر
جرمانہ ادا کرنے والی دیگر کمپنیوں میں فرسٹ کرائی (۲؍لاکھ روپے)، کوچنگ پلیٹ فارم انوج جندال (۳؍ لاکھ روپے) جبکہ فارم ایزی ، میک ایکفی اوراسپائس جیٹ پر ایک، ایک لاکھ روپےکا جرمانہ عائد کیا گیا۔حکومت کا کہنا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں بھی آن لائن پلیٹ فارمز پر گمراہ کن طریقوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔