• Mon, 20 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاک -افغان کے درمیان جنگ بندی

Updated: October 20, 2025, 2:15 PM IST | Agency | Doha

قطر نے کہا کہ ا س کی اور ترکی کی ثالثی سے بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور فریقین نے دوحہ میں ہونیوالی گفتگو میں دیرپا امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لئے ایک طریقۂ کار کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

Afghan Defense Minister Mullah Mohammad Yaqub Mujahid and his Pakistani counterpart Khawaja Mohammad Asif shake hands after the agreement in Doha. Photo: INN
دوحہ میں افغانستان کے وزیر دفاع ملا محمد یعقوب مجاہد اور انکے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف معاہدے کے بعد مصافحہ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
افغانستان اور پاکستان کے درمیان کئی روز سے جاری کشیدگی کا فی الحال خاتمہ ہوتا نظر آرہا ہے۔قطر کے درالحکومت دوحہ میں ہوئے امن مذاکرات کے دوران افغانستان اور پاکستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قطر نے اتوار کی صبح اس بات کا اعلان کیا کہ پاکستان اور افغانستان نے ایک ہفتے کی شدید سرحدی جھڑپوں کے بعد جنگ بندی میں توسیع کر دی ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ قطر اور ترکی کی ثالثی میں دوحہ میں ہونےو الی بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور  فریقین نے دیرپا امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک طریقۂ کار کے قیام پر اتفاق کیا۔ فریقین نے آئندہ دنوں میں  جنگ بندی کے التزامات پر قابل اعتماد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے میٹنگ کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سے دونوں ممالک میں سلامتی اور استحکام کا ماحول پیدا ہوگا۔
قطری وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم  پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کی مضبوط بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔یہ بات چیت حالیہ سرحدی لڑائی کے بعد ہوئی ہے جس میں متعدد افراد اب تک ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے  ہیں۔۲۰۲۱ء میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان یہ بڑا تصادم ہے۔
افغان حکام نے بتایا کہ کابل وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی جب کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے طالبان کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لیا۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان فائر بندی میں توسیع پر اتفاق کیا گیا تھا، جو حالیہ جنگ بندی کی بنیاد بنا۔ قطر کا کردار ایک بار پھر بطور ثالث نمایاں رہا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر خطے میں قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ  افغانستان اور پاکستان کی سرحد پر جھڑپوں کی تازہ لہر اکتوبر کے وسط میں شدت سے سامنے آئی۔ دونوں ممالک نے ایک-دوسرے پر فوجی کارروائیوں اور دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات عائد کئے اور ایک دوسرے  کے سرحدی علاقوں پر راکٹ برسائے اورگولہ باری کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK