کنارے پر رکھے کپڑوں اور موبائل سے پولیس کو اندازہ ہوا کہ نوجواب پانی میں ڈوب گئے ہوں گے ۔
وردھا ندی- تصویر:آئی این این
تیراکی کرنے گئے ۵؍نوجوان چندر پور ضلع کی وردھا ندی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں سوگ پھیل گیا ہے اور اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ مہلوکین میں گھگس شہر کے اندرا نگر علاقے میں رہنے والے پانچ دوست نکول کیلسکر، تنمے پاتھاڈے، سمیک سونٹکّے، سنی آسپیلّی اور روہت بوبڈے شامل ہیں۔
اطلاع کے مطابق ایک روز قبل یہ پانچوں دوست ونی روڈ پر وردھا ندی کے چاندور گھاٹ پر تیراکی کیلئے گئے تھے۔ تاہم ندی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے پانچوں گہرے پانی میں پھنس گئے اور باہر نہیں نکل پائے۔ دیر رات تک جب یہ پانچوں نوجوان گھر واپس نہ لوٹے تو اہل خانہ نے گھگس پو لیس تھانے میںگمشدگی کی اطلاع دی۔ پولیس نے فوری طور پر تلاشی مہم شروع کی۔ تفتیش کے دوران نوجوانوں کے کپڑے اور موبائل فون ندی کے کنارے پائے گئے جس سے یہ اندازہ لگا گیا کہ پانچوں نوجوان ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہوں گے۔ چندر پور سے ریسکیو ٹیم کو بلایا گیا۔ کشتی کی مدد سے رات بھر سرچ آپریشن جاری رہا۔ تلاشی مہم کے دوران ریسکیو ٹیم نے تنمے پاتھاڈے، روہت بوبڈے اور سنی آسپیلّی کی لاشیں ندی سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس دوران باقی دو نوجوانوں کی تلاش بھی جاری ہے اور انتظامیہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ لاشوں کی برآمدگی کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی تھی۔ مہلوک نوجوانوں کی عمریں ۱۵ سے ۲۰ سال کے درمیان ہیں اور ایک ہی علاقے کے پانچ دوستوں کے ہلاک ہونے پر شہری غم کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس افسوسناک واقعے سے متعلقہ خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے اور پورا گھگھس شہر سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔