شکست کے بعد تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کی عادل آباد کے پارٹی لیڈروں سے فون پر بات چیت۔ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے اقدامات۔
EPAPER
Updated: January 12, 2024, 12:28 PM IST | Agency | Hyderabad
شکست کے بعد تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کی عادل آباد کے پارٹی لیڈروں سے فون پر بات چیت۔ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے اقدامات۔
تلنگانہ کی اصل اپوزیشن بی آرایس پارٹی کے اجلاسوں میں پارٹی کے لیڈروں سے موصولہ شکایات اور تجاویز کی بنیاد پر سابق وزیراعلیٰ اور پارٹی سربراہ کے چندرشیکھرراؤ ریاست میں اپنی شکست کا تجزیہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کئی لیڈروں سے اس سلسلے میں میں فون پر بھی بات چیت کی ہے۔اپنے گھر پر آرام کرنے والے کے چندرشیکھرراؤ کو پارٹی کے ان اجلاسوں کی روداد سے واقف کروایاجارہا ہے۔پارٹی کوتنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کا فیصلہ کرنے والی بی آرایس کا جلد ہی اپنی پارٹی کے لیڈروں کیلئے تربیتی کلاسیز منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ساتھ ہی ضلعی پارٹی حدود میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
ریاست میں اپنے اقتدار کی ہیٹ ٹرک کا دعویٰ کرنے والی بی آرایس کو حال ہی میں اسمبلی انتخابات میں شکست کاسامنا کرناپڑاتھا جو اب لوک سبھاانتخابات پرتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔پارٹی کے لیڈروں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے لیڈروں کو پارٹی کے دوراقتدار میں نظرانداز کردیا گیاتھا۔ سرکاری فلاحی پروگراموں کے فوائد براہ راست فراہم کرتے ہوئے پارٹی کے لیڈروں اورکارکنوں کی شمولیت ختم کی گئی تھی جس سے پارٹی لیڈروں میں ناراضگی تھی۔ساتھ ہی کئی لیڈروں کا خیال ہے کہ پارٹی کا نام تلنگانہ راشٹراسمیتی سے بدل کربھارت راشٹراسمیتی کرنے سے بھی تلنگانہ میں پارٹی کے وجود کے خاتمے کی صورتحال پیدا ہوئی۔ڈبل بیڈروم مکانات،ضرورت مندوں کو نہ دینے،قرضوں کی معافی نہ ہونے کے ساتھ ساتھ دلت بندھواوربی سی بندھو جیسی اسکیمات پر مناسب عمل نہ کرنے سے پارٹی کونقصان پہنچاہے۔کئی لیڈروں کا کہنا ہے کہ نامناسب کام، مخالفین کے جھوٹے پروپگنڈہ کا مناسب طورپر جواب نہ دینے اورپارٹی میں گروپ بندی اس کی شکست کا سبب بنی ہیں ۔ بعض افراد سے تحریری طورپر رائے حاصل کی جارہی ہے۔
سابق ریاستی وزرا ہریش راؤ، کے تارک راما راؤ اور دیگر سینئرلیڈروں کی جانب سے اس پر ردعمل ظاہر کیاجارہا ہے۔ان غلطیوں کی اصلاح کرتے ہوئے پارٹی کو تنظیمی سطح پرمستحکم کرنے اور لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں پر پارٹی اقدامات کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دیہی سطح سے ریاستی سطح تک کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعہ بیشتر اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔پارٹی کیڈرکیلئے تربیتی کلاسس ہوں گے۔ ضلعی سطح پر پارٹی دفاتر کو بھی مستحکم کرنے کا لائحہ عمل تیارکیاجائے گا۔پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کی ان تجاویز اور رائے کا کے چندرشیکھرراؤ تجزیہ کررہے ہیں ۔حال ہی میں انہوں نے عادل آباد کے بعض پارٹی لیڈروں سے فون پر بات چیت بھی کی ہے۔ساتھ ہی وہ یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ کس ضلع سے کون کون لیڈر اجلاسوں میں شریک ہورہے ہیں ؟ بی ایس آر کےکارگزار صدر کے تارک راما راؤ بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔