Inquilab Logo Happiest Places to Work

چندریان ۳؍ کی کامیاب لینڈنگ، چاند کے قطب جنوبی پر اترنے والا ہندوستان پہلا ملک

Updated: August 23, 2023, 6:09 PM IST | New Delhi

واضح رہے کہ اسرو نے اپنے تیسرے چاند مشن چندریان ۳؍ کو ۱۴؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو آندھرا پردیش کے ستیش دھون اسپیس سینٹر سے لانچ کیا تھا، ۵؍ اگست کو یہ چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا اور آج کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر گیا ہے۔ ملک بھر میں جوش و خروش۔ ہندوستان، امریکہ، روس اور چین کے بعد چاند پر اترنے والا چوتھا ملک بن گیا

Scientist can be seen in ISRO laboratory. Photo: PTI
اسرو کی تجربہ گاہ میں سائنسداں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر : پی ٹی آئی

اسروکا تیسرا چاند مشن چندریان ۳؍ چاند کی سطح پر کامیابی کے ساتھ اتر گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس طرح ہندوستان چاند کی سطح پر پہنچنے والا دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ اسرو نے اپنے تیسرے چاند مشن چندریان ۳؍ کو ۱۴؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو آندھراپردیش کے ستیش دھون اسپیس سنیٹر سے لانچ کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس مشن کا مقصد چاند پر منجمد پانی کی دریافت کرنا ہے۔ ۵؍ اگست کو چندریان ۳؍چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔
اس اہم موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم ملک کی نئی پرواز کے شاہد ہیں۔ نئی تاریخ لکھی جائے گی۔ زمین پر رہ کر ہم نے ایک عزم کیا اور چاند پر اسے پورا کیا۔ ملک کے خلائی شعبے کیلئے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ اس سے پہلے دنیا کا کوئی بھی ملک چاند کے جنوبی قطب تک نہیں پہنچ سکا ہے۔ اپنے سائنسدانوں کے جدوجہد سے ہم وہاں تک پہنچ گئے۔ میں جنوبی افریقہ میں ہوں لیکن میرا دل پھر بھی چندریان ۳؍ کے ساتھ ہے۔
اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ نے کہا کہ ہندوستان کامیابی کے ساتھ چاند پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے افراد کواس کامیابی پر مبارکبار بھی پیش کی۔ اسرو نے چندریان ۳؍ کی کامیاب لینڈنگ پر ٹویٹ کیا ہے کہ ہندوستان! میں اپنی منزل پر پہنچ گیا ہوں اور تم بھی۔
چندریان ۳؍ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پی ویر امتھویل نے کہا کہ ہم چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا دنیا کا سب سے پہلا ملک بن گئے ہیں۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے چندریان ۳؍ کی چاند پر کامیاب لینڈنگ پر ملک کے ۱۴۰؍ کروڑ عوام کو مبارکباد پیش کی۔ جے رام رمیش نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج اسرو کی یہ کامیابی، کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ واقعی لاجواب ہے۔ اروند کیجریوال نے کہاکہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ملک کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ چندریان ۳؍ کی کامیابی کیلئےاسرو کے ملازمین، سائنسدانوں، ملک کے عوام اورانجینئرس کو مبارکباد! 

اسرو کے سابق چیف کے سیوان نے چندریان ۳؍ کی کامیاب لینڈنگ کیلئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم واقعی پرجوش ہیں۔ ہم اس لمحے کا انتظار کافی وقت سے کررہے تھے اور اب ہم کافی خوش ہیں۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ چندریان ۳؍ کی کامیابی ہرہندوستانی کی کامیابی ہے۔ پرجوش ملک ۱۴۰؍ کروڑ عوام کی خواہشات کے ساتھ آج ۶؍ دہائی پرانے اسپیس پروگرام کی اگلی کامیابی کا شاہد ہے۔

چندریان ۳؍ کیا ہے؟
 چندریان ایک اور چندریان۲؍ کے بعد چاند پر جانے والا چندریان ۳؍ ہمارا تیسرا مصنوعی سیارہ ہے۔اسے سری ہری کوٹہ اسپیس سینٹر سے۱۴؍ جولائی کو لانچ کیا گیا تھا ہے جو چاند کی سطح پر ۲۳؍ یا ۲۴؍ اگست ۲۰۲۳ء کو اترے گا۔ یہ ’پروپلشن‘، ’لینڈر‘ اور ’روور‘ پر مشتمل ہے۔ یہ تمام مشینیں ملک ہی میں تیار کی گئی ہیں۔ اس مشن کا اہم سائنسی مقصد نقشہ تیار کرنا اور چاند پر پانی تلاش کرنا ہے۔
یہ کیسے کام کرے گا؟
 چندریان۳؍ جب چاند سے ۱۰۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا تو لینڈر اور روور پروپلشن سے الگ ہو جائیں گے۔ پروپلشن کا کام ہے لینڈر اور روور کو چاند سے ۱۰۰؍ کلومیٹر تک کامیابی سے پہنچانا، پھر لینڈر تیرتا ہوا چاند پر سافٹ لینڈنگ کرے گا، جیسے ہی لینڈر کی کامیاب لینڈنگ ہوگی، روور ، لینڈر سے علاحدہ ہوجائے گا اور چاند کی سطح پر چلتے ہوئے معلومات اکٹھا کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ معلومات اسرو کو ملیں گی۔
’لینڈر‘ اور ’روور‘ کیا ہیں؟
 چندریان۳؍ مشن کے تحت لینڈر اور روور چاند کی سطح پر اتریں گے۔ روور ایک پہیہ والی مشین ہے جو چاند کی سطح پر چلے گی اور وہاں موجود مرکبات کا جائزہ لے گی۔ یہ لینڈر کی مدد سے ڈیٹا زمین تک بھیجے گی۔ یہ چاند کے قطب جنوبی پر اتریگی۔ اس مشن کی کامیابی کے بعد ہندوستان، روس، امریکہ اور چین کے بعد ایسا کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائیگا۔ 
پروپلشن ماڈیول کیا ہے؟
 پروپلشن موڈیول لینڈر اور روور کو چاند کے مدار میں لے جائے گا۔ یہ ایک باکس نما ڈھانچہ ہے جس کے ایک طرف ایک بڑا سولر پینل لگا ہوا ہے اور اوپر ایک بڑا سلنڈر ہے جو لینڈر کیلئے ایک سہارے کا کام کرتا ہے۔
لینڈر کا نام ’’وکرم‘‘ کیوں ہے؟
 لینڈر ، ڈاکٹر وکرم اے سارا بھائی سے منسوب ہے۔ انہیں ہندوستان کے اسپیس پروگرام کا بانی کہا جاتا ہے۔ وکرم سارا بھائی کو ۱۹۶۶ء میں پدم بھوشن اور ۱۹۷۲ء میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔
روور کا نام ’’پرگیان‘‘ کیوں ہے؟
 پرگیان سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے دانائی، عقلمندی اور حکمت۔
 روور میں ۶؍ پہیے ہیں۔ یہ آلہ چاند کی سطح کا جائزہ لے گا اور پتہ لگائے گا کہ چاند پر منجمد پانی ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہ چاند کی مٹی کی تفصیل اسرو کو بھیجے گا۔ یہ آلہ اس پر بھی تحقیق کرے گا کہ انسانی ارتقاء اور اس سے بھی پہلے چاند کا ماحول کس طرح تبدیل ہوا اور زمین پر اس کے کیا اثرات ہوئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK